تیر و ترکش

بدھ 13 مئی 2015

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#شعائر اسلام کا تمسخر اڑانے پر پرویز رشید کو برطرف کیا جائے، مجلسِ احرار
اگر اُن کو رکھا ہی اس کام کے لیے گیا ہو تو!
#علماء کو جاہل کہنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،مولانا عبدالغفور حیدری
نہیں نہیں مولانا آپ کے ساتھ منسٹرز کالونی میں رہتے ہیں وہ صاحب!
#سانحہٴ نلتر پر بھارت نے چھوٹا پن دکھایا،وفاقی وزیر سرحدی امور
وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو بھی بتایا کریں اس طرح کے حقائق۔


#پیپلز پارٹی سے اتنی نفرت ہے تو ذوالفقار مرزا بیٹے اور بیوی کا استعفیٰ بھجوا دیں ،پی پی ارکانِ پارلیمان
پیپلزپارٹی کو تو لگتا ہے محبت ہے مرزا صاحب سے جو ان کے بیٹے اور بیوی سے استعفیٰ نہیں لیتی
#شہباز شریف کے کندھے سے کندھا ملا کر چلوں گا،گورنر پنجاب رفیق رجوانہ
اس طرح کی خواہش نہ کریں آپ نے دیکھا نہیں میاں صاحب کتنا تیز چلتے ہیں اور ویسے بھی وہ اپنے کندھے سے کسی دوسرے کا کندھا ملانا پسند نہیں کرتے یقین نہ آئے تو فیصل آباد جا کر چودھری شبر علی سے پوچھ لیں
#عمران خان کو حکومت گرانے نہیں دیں گے،خواجہ سعد رفیق
فی الحال آپ اپنی فکر کریں خواجہ صاحب! حکومت سنبھالنے کو پرویز مشرف کے معتمد اور ق لیگ سے آئے دانیال عزیز اور زاہد حامد جیسے موجود ہیں۔

(جاری ہے)


#ناہید خان اور صفدر عباسی کا ’پیپلز پارٹی ورکرز‘ بنانے کا اعلان
اس مایوسِ زرداری جوڑے کو کون سمجھائے کہ ورکر نامی مخلوق پیپلز پارٹی کیا پاکستان کی سیاست میں بھی موجود نہیں رہی۔
#سیاسی قیادت نے صحیح فیصلے نہ کیے تو جمہوریت کو خطرہ ہوگا‘ سید خورشید شاہ
اسے پنجابی بھی کہتے ہیں” روندی یاراں نوں لے لے ناں بھراواں دا“
#منظم دھاندلی ثابت ہو گئی تو نئے انتخابات کی طرف جانا ہوگا‘ لیاقت بلوچ
آپ کے لیے نتیجہ پرانا ہی رہے گا نئے انتخابات کا بھی
#جمہوریت کا فائدہ غریب آدمی کو نہیں پہنچ رہا تو وہ جھوٹ ہے‘ حسن نثار
جھوٹ جمہوریت اورجمہوریت جھوٹ ہے یہ بات کون سمجھائے لائلپوری دانشور کو!
#مسئلہ کشمیر اب بھی ایجنڈے پر موجود ہے‘ اقوام متحدہ
اور یہ ایجنڈا کہاں ہے رکھا آپ نے؟
#بلاول نے آکسفورڈ سے ایم اے کی ڈگری حاصل کر لی
برطانیہ کی ڈگریاں پاکستانی سیاست میں کیسے چلیں گی وہ تو اصلی ہوتی ہیں!
#سیاسی عدم استحکام ‘ توانائی بحران کے باوجود پاکستانی معیشت میں بہتری آئی،عالمی بینک
آپ کو یہ بات اسحاق ڈار صاحب نے بتائی ہے ناں
#نادرا نے عمران کے الزامات مسترد کر دیے ثابت ہوا ہمارا موقف درست تھا، دانیال عزیز ،زاہد حامد
حضور آپ دونوں کا موقف تو پرویزمشرف دور میں بھی درست تھا جب آپ بذریعہ ق لیگ حکومت میں تھے پھر آپ کا موقف زرداری دورمیں بھی درست تھا جب آپ ق لیگ اور ن لیگ دونوں کی کشتیوں میں ایک ایک پاؤں رکھ کر مقتدر تھے اور آج تو آپ مکمل طور پرن لیگ کے وکیل ہیں تو آپ کا موقف تو درست ہونا ہی ہے۔


#گریڈ22کے افسروں اور سپریم کورٹ کے ججوں کو دو دو پلاٹ دینے کی پالیسی بحال،وزیراعظم نے منطوری دے دی
اب پتا چل گیا ناں عوام صاحبان کہ’وہ سب‘ تو ایک ہیں
#شیریں مزاری نے جھوٹ بولنا اپنے لیڈر سے سیکھا‘ پرویز رشید
اور آپ کا استاد کون ہے؟
#سیاست اور جمہوریت کی آڑ میں دہشت گردی ہو رہی ہے‘ مولانا فضل الرحمن خلیل
کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی آڑ میں سیاست اور جمہوریت چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔


#مسلح بلوچوں سے بات چیت کرکے راستہ نکالیں گے‘ وزیراعلیٰ بلوچستان
دو برس سے زاید عرصے میں تو آپ سے یہ کام ہو نہیں سکا جناب!
#آئینِ پاکستان کو نصاب کا حصہ بنایا جائے،چیئر مین سینیٹ
پہلے پاکستانیت تو لے آئیں نصاب میں!
#پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا، سعودی قونصل جنرل
بس اب ذرا تھکاوٹ محسوس کر رہا ہے پاکستان
#ارکان اسمبلی عوامی مسائل پر توجہ دیں،الطاف حسین
آپ اپنی طرف متوجہ کرنا چھوڑ یں تو ارکان اسمبلی عوامی مسائل کی طرف توجہ دیں ناں!
#ارکان اسمبلی نشان دہی کریں عوام کو کن مشکلات کا سامنا ہے، شہباز شریف
دو ڈھائی برس ہو رہے ہیں ارکان اسمبلی کو عوام سے نکل کر اسمبلیوں میں گئے اب ان کو کیا پتا عوامی مشکلات کا؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :