پہلو دار

اتوار 3 مئی 2015

Nadeem Tabani

ندیم تابانی

مئی2015نے آنکھ کھولتے ہی کراچی والوں کی چیخیں نکلوادیں، پہلے ہی دن تھرما میٹر کا پارا تینتالیس درجے تک جا پہنچا، دن بھر یہ آس رہی کہ شاید شام کچھ ٹھنڈی ہو، مگر شام تو کیا دن بھر سورج نے جو گرمی چھوڑی تھی اس کے اثرات آدھی رات تک رہے ، نہانے جائیں تو نلکوں کا پانی ایسا گرم جیسے گیزر چل رہا ہو، پنکھوں نے تو خیر گرم ہوا کے جھونکے ہی دینا تھے،بہت سے اے سی بھی ہاتھ جوڑتے نظر آئے۔


####
43درجے کے سپر پاور گرم دن مذہبی جماعتوں کے ہزار وں سرگرم کارنوں نے کراچی میں سیاسی مذہبی جماعت جے یو آئی کی ریلی میں شرکت کی ، جے یو آئی کے رہ نما مولانا فضل الرحمن سمیت تمام رہ نماؤں نے کافی گرما گرم تقاریر کیں، موسم اور تقاریر کی گرمی نے شرکاء کے جذبوں اور حوصلوں کو کافی گرما دیا ، بڑے بڑے اجتماعات کرنے والی سیاسی جماعتوں نے ریلی کے شرکاء کی تعداد دیکھ کر انگلیاں دانتوں تلے دبا لیں بلکہ کئی ایک نے بے دھیانی میں چبا لیں، تنگ نظر لوگوں کا کہنا ہے کہ ریلی میں صرف مولوی شریک تھے ، ظاہر ہے ریلی بھی تو مولویوں نے ہی نکالی تھی، تنگ نظر خود ہی کہتے ہیں مولوی مدارس میں رہتے ہیں ، باہر نہیں نکلتے ، ریلی کی تعداد نے بتا دیا کہ جب نکلتے ہیں تو ان کو دیکھ کر بہت سوں کا بہت کچھ نکل جاتا ہے ۔

(جاری ہے)


####
مزدورسے یک جہتی کے لیے پوری قوم نے یک جاں ہو کر چھٹی منائی ، یقینا اس بار مزدور کی خوشی دیدنی ہوئی ہوگی کیوں کہ دینی مدارس میں بھی چھٹی تھی ،حالاں کہ دینی مدارس اس طرح کی چھٹیوں کے قائل نہیں لیکن قدرت نے مزدور کا ساتھ دیا ، یکم مئی جمعہ کے دن آگیا،واہ رے مزدور تیرے کیا کہنے! اس سے بڑھ کرتو اور کیا چاہتا ہے ، تیرے لیے کیا کیا جائے ، چھٹی کافی نہیں تیرا پیٹ بھرنے کے لیے ، تیرے خاندان کا پیٹ پلنے کے لیے؟ اور کیا جان لے گا اس قوم کی ؟
####
ہر سال یکم مئی کو مزدور اور مزدور کے وکلاء کچھ زیادہ ہی پھیلنے لگتے ہیں،اس سال بھی یوم مزدور پر مختلف لیبر تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے ،مزدور کی تنخواہ کم از کم پچیس ہزار کی جائے ، پتا نہیں یہ کس مزدور کی بات کی جارہی ہے ، یہاں تو ڈبل ایم اے اور پی ایچ ڈی کیے لوگوں کی تنخواہ پچیس ہزار نہیں ہے ، خدا کرے مزدور کو پچیس ملنے لگیں ، شاید اسی مزدور کے صدقے دوسروں کا بھی بھلا ہو ، ویسے مزدور زیادہ خوش ہونے کی کوشش نہ کریں ،کم از کم اتنی تنخواہ لینے کے لیے انہیں ملک سے باہر ہی جانا پڑے گا۔


####
لمبا ، چھوٹا ، لنگڑا ،لولا ، کے ٹو، پیٹو ، سر پھٹا ، کن کٹا،گنجا ، جنجا، کانا ، اندھا، چھوٹو ،موٹو، بھولا بھالا قسم کے لوگ خیال کریں اپنے کرتوت متحدہ کے نام تھوپتے ہیں ، الطاف بھائی کا پارا گرم کرتے ہیں ، بھائی اگر چہ لندن میں ہیں ،مگر ان کے کارکن تو پاکستان میں ہیں ، یہاں کی گرمی پوری آب و تاب کے ساتھ بھائی تک پہنچتی ہے ، پھر بھائی پی پلا اور نہا دھو کے سب کی ایسی تیسی کر دیتے ہیں، مگر چوں کہ رحم دل ہیں اس لیے معاف بھی کردیتے ہیں اور تبادلے میں معافی مانگ بھی لیتے ہیں ، یہ سلسلہ چلتا رہے گا، اس اونچ نیچ سے زیادہ اثر نہیں لینا چاہیے ۔


####
کچھ لوگوں کو اس پر تشویش ہو رہی ہے کہ الطاف بھائی نے عوام کو کماندو ٹریننگ لینے کی ہدایت کی ہے ، اس سے خانہ جنگی کا خطرہ ہے ، جب کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے یہ ٹریننگ کی ہدایت نہیں ، بلکہ ٹرین شدہ لوگوں کو ہدایت ہے کہ اب چھپنے چھپانے نہیں مار دھاڑ کا وقت ہے، تیاری کر لیں ، حساس اداروں کے بھی کان کھڑے ہو گئے ہیں ، وہ سن گن لے رہے ہیں ، کہ یہ دھمکی ہے ، ہدایت ہے ، اطلاع ہے ، یا کیا ہے ، ویسے الطاف بھائی کی بات کے اتنے مطلب ہوتے ہیں کہ ہر ایک اس سے جدا جدا مطلب لے سکتا ہے ۔

دوست دشمن ، موافق مخالف ، اپنا پرایا،بہ قول حسن بریلوی:
ان کی باتیں ہیں کتنی پہلو دار
سب سمجھ لیں جدا جدا مطلب
جن لوگوں نے الطاف بھائی کے جلسے ایک ساتھ سر اور دل کی آنکھوں سے دیکھے سنے ہوں وہ جانتے ہی ہوں گے کیا مناظر ہوتے ہیں، کارکن اشارے سمجھتے ہیں اور ایک اشارے پہ فوارے ابل پڑتے ہیں ۔ کبھی قہقہوں کے کبھی تالیوں کے کبھی گالیوں کے اور کبھی خون پیش کرنے کے نعروں کے ، خون کس کا بھی ہو سکتا ہے ، جو اپنا دے سکتا ہے دوسروں کا لے بھی سکتا ہے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :