تیر و ترکش

بدھ 25 مارچ 2015

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#گورنر سندھ کی تبدیلی پر ہوائی گھوڑے نہ دوڑائے جائیں‘ صدرمملکت
کیوں کہ ابھی زمینی گھوڑوں کی لگامیں ہی ڈھیلی نہیں چھوڑیں مالکوں نے
#دھاندلی ثابت ہونے پر وزیراعظم اسمبلی توڑ دیں گے‘ حکومت پی ٹی آئی معاہدہ
ہماری سیاسی جماعتیں توڑ پھوڑ کا یہ سلسلہ ختم کب کریں گی آخر
#ملک بچانے کے لیے تیسری سیاسی قیادت کی ضرورت ہے‘ پرویز مشرف
اللہ نے آپ کو یہ موقع دیاتو تھا لیکن آپ… چلیں چھوڑیں اللہ اللہ کرنے کی کوشش کریں اب آپ
#تحریکِ انصاف کی تمام منتخب تنظیمیں تحلیل‘ نئے الیکشن ہوں گے
گویا خان صاحب نے2015ء کو انتخابات کا سال قرار دینے والا اپنا بیان سچ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے قومی صوبائی اسمبلیوں کے نہ سہی تحریک انصاف کے تنظیمی انتخابات ہی سہی
#اسلام آباد کے بغیر افغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا‘ افغان صدر اشرف غنی
سابق افغان صدر حامد کرزئی اس بات کو سمجھ لیتے تو بھارت بھی اپنے آپ سے باہر ہوکر خطے کا مائی باپ بننے کے خواب نہ دیکھتا
#ملک سے دہشت گردی کا ہر قیمت پر خاتمہ کر دیں گے‘ آرمی چیف
اصل مسئلہ ہی قیمت کا ہے جناب!
#پرویز مشرف نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا
اور کتنا بے عزت ہونا چاہتے ہیں آپ جناب؟
#صولت مرزا کی پھانسی موخر ہونے سے معاملہ مشکوک ہو رہا ہے‘ سید خورشید شاہ
یہ ایک مشکوک معاملہ بہت سے غیر مشکوک معاملات کی تصدیق بھی تو کرسکتا ہے
#اسامہ کی موجودگی سے پاکستانی حکومت لاعلم تھی‘آپریشن چیف القاعدہ
پاکستان کی نظر آنے والی حکومتیں تو اکثر لاعلم ہی ہوتی ہیں ایسے معاملات سے
#شہری اپنی چوری شدہ گاڑی دو گھنٹے میں پولیس سے لے لیں‘ آئی جی سندھ
پولیس کب تک اس طرح کے کام کرتی رہے گی؟
#صولت مرزا مجرم ہے اس پر سیاست نہ کی جائے‘ افتخار محمد چودھری
پاکستانی سیاست کی تاریخ مجرموں کے بغیر مکمل ہوسکتی ہے بھلا؟
#ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا جاتا‘ الطاف حسین
پھر حکومتوں میں شامل کیوں کر لیا جاتا ہے ایم کیو ایم کو!
#متحدہ کی حکومت میں شمولیت کا آپریشن سے کوئی تعلق نہیں‘ شرجیل میمن
یہ تو پتا چل ہی جائے گا دو چار دن میں جناب کہ آپریشن و حکومت میں شمولیت وغیرہ کے معاملات ہیں کیا؟
#حکومت چاہے تو الطاف حسین کو لندن میں سزا ہوسکتی ہے‘ عمران خان
اب حکومت آپ کی ہر چاہت پورا کرنے سے تو رہی
#داعش کے خلاف امریکی اتحاد میں پاکستان شامل نہیں ہوگا‘ صدرممنون حسین
یہ ہے افواج پاکستان کے سپریم کمانڈر کا بیان!
#صحت کی خرابی کی وجہ سے صولت مرزا کی پھانسی موخر کی گئی‘ وفاقی وزیر داخلہ
یعنی حکومت کو ڈر تھا کہ پھانسی سے کہیں مر نہ جائیں مرزا صاحب!
#ڈیتھ سیل سے ویڈیو بیان دنیا کی تاریخ میں انوکھی مثال ہے‘ رابطہ کمیٹی
اور دنیا کی بہت سی انوکھی مثالوں کی طرح یہ مثال بھی ایم کیو ایم سے تعلق رکھتی ہے
#عمران فاروق قتل کیس کی اہم دستاویزات برطانوی حکام کے حوالے
اور دو ملزم؟
#پنجاب بھر میں یکم اپریل سے سی این جی اسٹیشنز کو گیس دینے کا فیصلہ
کہیں اپریل فول ہی نہ نکلے یہ فیصلہ
#آصف زرداری سے عبدالرحمن ملک کی ملاقات سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال
اور مالی معاملات ازختم منی لانڈرنگ وغیرہ پر دونوں اکابر نے کیا فیصلے کیے اس کے متعلق کوئی خبر نہیں
#سابق حکمران منتخب حکومت کے خلاف سازشیں بند کر دیں‘ علی اکبر کچر
کیوں کہ اس سلسلے میں منتخب حکومت خود کفیل ہے
#صولت مرزا کے ذریعے الزامات لگوا کر متحدہ کا امیج تباہ کرنے کی کوشش کی گئی‘ ایم کیو ایم سربراہ
اور صولت مرزا سے جوکچھ کروایا گیا تھا اس سے تو دھاک بیٹھ گئی تھی ناں ایم کیو ایم کی

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :