ہاتھوں کا ہاتھ

منگل 17 مارچ 2015

Nadeem Tabani

ندیم تابانی

سینٹ کی ڈپٹی چیرمین شپ پر مولانا عبد الغفور حیدری کی کامیابی بہت بڑی خبر ہے 90 آپریشن نے اس کو دبا دیا ، ورنہ اس بال کی کھال ضرور اترنا تھی کہ سینٹ میں 5ووٹ رکھنے والی جماعت کا سکہ بند مولوی ڈپٹی چیر مین کیسے بن گیا؟ شبلی فرازکے16ووٹوں کی کھال اترنا بھی ضروری تھی کہ 7 ووٹ 16 کیسے بن گئے ؟ 9ووٹ کہاں سے لیے کیسے ملے؟یہ بال بھی کھال اتروانے کا بڑ امستحق بنا پھرتا ہے کہ اگر جے یو آئی ڈپٹی چیر مین کے لیے انتخاب میں حصہ نہ لیتی تو سراج الحق تب بھی تحریک انصاف کو سپورٹ کرتے ؟ بلکہ کیا تحریک انصاف حصہ بھی لیتی ، یہ بات بھی کم تعجب خیز نہیں کہ 6ووٹ ضائع ہوئے، یہ کس کے ووٹ تھے ؟ کیوں ضائع ہوئے ؟ کیا یہ بھی ڈاڑھی اور پگڑی سے الرجک تھے؟
####
90پر چھاپے نے بڑے بڑے با خبر اور با اختیار لوگوں کے اختیار اور با خبری کا پول کھول دیا، اتنا بڑا آپریشن چپکے چپکے کیسے ہو گیا، کس کو پتا تھا، کس کو نہیں ،سوا سال سے جاری کراچی آپریشن کے کپتان قائم علی شاہ اس رات جلدی سو گئے تھے، اس لیے کہ انہوں نے اگلے روز موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے آنے والے وزیر اعظم کو پروٹوکول دینا تھا، گورنر صاحب کا بھی یہی مسئلہ تھا، کراچی پولیس کے لیے بھی اس روز اس سے بڑی سرگرمی کوئی نہ تھی ، آصف علی زرداری اپنے دست و بازو مسٹر اے ملک اور اپنی مخصوص ٹیم سمیت اس خمار میں تھے کہ انہوں نے میاں صاحب کو چت کر دیا، میاں صاحب اس پر خوش تھے کہ وہ اپنے سب سے محبوب منصوبے کراچی سے لاہور موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہے تھے ، عمران خان نادرا کے چیر مین سے ملنے کی تیاری کر رہے تھے، تانے بانے بن رہے تھے، دعوے اپنی جگہ لیکن بڑے سے بڑا با خبر بھی 11مارچ کے آپریشن سے بے خبر تھا۔

(جاری ہے)


جن لوگو ں کا دعوی تھا، خواہ ان کی چھٹی یا ساتویں حس نے ان کو بتایا ہو، یا کسی کرتا دھرتا نے کہ سینٹ انتخابات کے بعد کراچی میں حالات تبدیل ہونے جا رہے ہیں اچانک خبر سے وہ بے چارے بھی سٹ پٹا گئے ،بلکہ کئی ایک تو بوکھلا اٹھے ، انہیں حیرت تھی کہ رینجرز نے اتنی بڑی کارروائی کیسے کر دی ، کئی ایک کا یہ بھی خیال تھا کہ رینجرز اس کا رد عمل اور دباؤ برداشت نہیں کرپائے گی ، لیکن ان کی غلط فہمی بھی دھری کی دھری رہ گئی ، اور متحدہ کی یہ خوش فہمی بھی کہ مسٹر ملک بہت با خبر ہیں ، اڑتی چڑیا کے بھی پر گن لیتے ہیں، اور ان کی طاقت سے خود پی پی والے پناہ مانگتے ہیں ، وہ ضرور بتادیں گے ، یہ خوش فہمی بھی تھی کہ پہلے تو اسحاق ڈار ہی ہمارے ساتھ رابطے میں تھے، اب تو چھوٹے میاں صاحب بھی ممیانے لگے ہیں اور ہم ان کو بھی گھاس نہیں ڈالی ۔


####
یہ آپریشن یقینا ضرب عضب کا پارٹ ٹو ہے ، پہلے پارٹ کی طرح اس کا بھی تبھی پتا چلا جب کام شروع ہو چکا تھا، جنہوں نے شروع کروایا تھا، انہوں نے کان بند کر رکھے تھے، اور جن پر بات آرہی تھی وہ زبان بند رکھنے پر مجبور تھے، کہا تو یہ جا رہا ہے کہ متحدہ کے کچھ لوگوں کو بھی پتا تھا، الطاف بھائی بھی جانتے تھے کہ گڑ بڑ ہوا چاہتی ہے ، اور بھی بہت سے لوگ جانتے تھے، کئی با خبر صحافی اور سیاسی رہ نما یہ دعوے کرتے نظر آرہے ہیں کہ انہیں پتا تھا، لیکن سچی بات یہ ہے کہ 11مارچ کوصبح سویرے منہ اندھیرے یہ ہوگا، اس کا صرف آپریشن کرنے والوں کو ہی پتا تھا ۔

گویا ایک آپریشن نے بہت سے لوگوں کے ساتھ ہاتھ کردیا ، جنہوں نے ہاتھ کیا ان کے ہاتھ کافی لمبے ہیں، ان کی لمبائی ، موٹائی اور چوڑائی پر تو خود الطاف بھائی کو بھی شک نہیں ، بس یہ آرزو ضرور ہے ذرا ہاتھ ہلکا رکھیں ۔ہم ان کے ساتھ ہیں جب کہیں، جو کہیں ، جیسا کہیں ،جتنا کہیں ، ماننے کو تیار ہیں ، بس ہمیں معاف کر دیں۔
####
ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی کے حکم نے ہندستان کا ہاضمہ تو خراب کیا ہی تھا، امریکا کے پیٹ میں بھی گڑ بڑ ہو رہی ہے ،ایک طرف رام رام حکومت نے پاکستانی ہائی کمشنر کو بلا کر ذکی الرحمن کی رہائی کے حکم پر تنقید کی بلکہ گویا اپنے تئیں رام کرنے کی کوشش کی ،دوسری جانب امریکا نے پاکستان سے فرمائش کی ہے کہ لکھوی موصوف کو یا تو عالمی عدالت میں پیش کیا جائے، یا پھربھارت کے حوالے کردیا جائے، گو یہ فرمائش حکومتی سطح پر نہیں کی گئی مگر فرمائش کرنے والوں نے در حقیقت حکومت کا ہی پیغام پہنچایا ہے ، ایک اور خبر یہ ہے کہ بھارت کو اپنی ایک اداکارہ کے قتل میں تفتیش کے لیے ایک پاکستانی صحافی خاتون مطلوب ہیں ، انڈین حکومت اس معاملے میں بھی پاکستان دباؤ ڈالنے کا سوچ رہی ہے ، حکومت پاکستان نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو بلا کر کہا ہے کہ اپنی حکومت کو سمجھائیں کہ واویلا نہ کرے ، پاجامے سے باہر نہ ہو۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :