تیر و ترکش

بدھ 4 مارچ 2015

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#اقتدار میں رہتے ہوئے جھک کر چلنا چاہیے‘ آصف زرداری
ورنہ جھکانے والے جھکا دیتے ہیں
#نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں سینیٹر عبدالرحمن ملک کی ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر گفتگو
اس نئے دور کے آغاز کی اطلاع بلاول کو بھی کر دیں ملک صاحب!
#فضل الرحمن کی پوری سیاست کشمیر کمیٹی اور ایک وزارت کے گرد گھومتی ہے‘ شیری مزاری
شیریں مزاری صاحبہ نے ہر بات میں بولنا ضرور ہے چاہے کوئی سنے نہ سنے
#ضمیر فروشی اور ووٹ خریدنے کے مکروہ کاروبار کو روکنا ہوگا‘ نوازشریف
لو وہ بھی کہہ رہے ہیں…!
#پاکستان میں سب سے کمزور صحت کا شعبہ ہے‘ وفاقی وزیر مملکت سائرہ تارڑ
اس لیے کہ حکمران اور افسران علاج کے لیے بیرون ملک جاتے ہیں
#پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پی آئی اے نے عمرہ کرایوں میں5ہزار روپے اضافہ کر دیا
گڈ گورننس کا ایک اور مظاہرہ
#موجودہ حالات میں تیسری سیاسی قوت ناگزیر ہے‘ پرویز مشرف
لیکن مشکل یہ ہے کہ ناگزیر سیاسی قوت کے نام پر پرانے’ ناگزیر اول‘کی جگہ نہیں بنتی
#مولانا فضل الرحمن کا آصف زرداری کو ظہرانہ درجن سے زاید کھانے پیش کیے گئے
ثابت ہوا کہ مولوی اب کھلا نے کی پوزیشن میں بھی ہیں
#دہشت گردی کے خلاف عوام کو کردار ادا کرنا ہوگا‘ وزیراعظم
آپ کی بس ہو گئی کیا؟
#پارلیمنٹرین پرچور اور جھوٹے کی چھاپ نہیں لگانا چاہتے ‘سید خورشید شاہ
جی ہاں اب صرف چھاپ لگنا ہی باقی ہے معزز ارکان پارلیمان پر!
#حیران ہوں کہ کس کارنامے پر مسلم لیگ ن کو ڈیڑھ کروڑ ووٹ ملے‘ عمران خان
اگر مسلم لیگ ن کے اس کارنامے کا آپ کو پتا چل گیا پھر آپ ساری عمر پریشان رہیں گے
#سیاسی جماعتیں 22ویں ترمیم پر متفق نہ ہوسکیں
اس لیے کہ اکیسویں ترمیم منظور کرانے والوں کو22ویں ترمیم میں دلچسپی نہیں
#تنہا ڈاکو بینک سے10 لاکھ لوٹ کر فرار ‘تین محافظ منہ دیکھتے رہ گئے
منہ دیکھتے رہنے والے محافظوں کو یقین ہوگا کہ ڈاکو تنہا نہیں ہے
#پی ٹی آئی اور ن لیگ کے تعلقات پر جمی برف پگھلتی دکھائی دیتی ہے‘ تجزیہ کار
برف پگھلنے کے بعد ’منجمدتعلقات‘ کی روانی کوئی نیا گل نہ کھلا دے
#سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لیے حکومت متحرک
یہ حکومت جس چیز کو روکنے کے لیے متحرک ہوئی اس نے پہلے سے زیادہ فروغ پایا ہے
#وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں مصروف دن گزارا
اسلام آباد اور لاہور میں وزیراعظم فارغ دن گزارتے ہیں کیا؟
#خیبرپختونخوا میں بدامنی کے ذمہ دار امریکا اور افغانستان ہیں‘ چیئر مین تحریک انصاف
دو سال سے وہاں حکومت تو آپ کی ہے
#اسلام کے نام پر کفر کے فتوؤں کی اجازت نہیں دیں گے‘ شہباز شریف
اور کفر کے نام پر اسلام کے فتوے دینے والوں کے متعلق کیا خیال ہے آپ کا ؟
#مسلم لیگ ن سندھ کو دھوکا دے کر اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہے‘ سردار ممتاز علی بھٹو
اقتدار کے مزے لوٹنے کے لیے دھوکے دینے اور کھانے کی روایت تو بہت پرانی ہے جناب!
#آئین سے کھلواڑ ہو رہا ہے‘ حکومت خود لاقانونیت میں ملوث ہے‘ سپریم کورٹ
یعنی آپ عزت مآب سب جانتے ہیں اس کے باوجود…
#سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لیے ایک صفحے پر ہیں‘ اسحاق ڈار ‘جہانگیر ترین
یہ صفحہ اگر’خاکی کاپی‘ کا نہ ہوا تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا
#سپریم کورٹ نظریہ ضرورت کے تحت حکومت کو گھر بھیج دے‘ مشرف
اب آپ صدر ہیں نہ آرمی چیف
#جھوٹ میں بولتا نہیں اور سچ لکھ نہیں سکتا‘ چودھری شجاعت
تو پھر مٹی پاؤ… روٹی شوٹی کھاؤ اور سو جاؤ
#میرے سائز کی بوری ایم کیو ایم کے پاس نہیں‘ نبیل گبول
اب بوریوں کا زمانہ بھی تو نہیں رہا ناں

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :