قوم کی عظیم اورمظلوم بیٹی

جمعرات 19 فروری 2015

Amna Saeed

آمنہ سعید

ڈاکٹرعافیہ صدیقی قوم کی عظیم اورمظلوم بیٹی پچھلے کئی سالوں سے امریکہ میں قیدہے۔انسانی حقوق کے دعویداروں اورخواتین کے حقوق کے سب سے بڑے علمبرداروں نے پاکستانی بیٹی کے ساتھ جوکچھ کیا۔۔؟یاوہ جوکچھ کررہے ہیں وہ پوری دنیاکے لئے لمحہ فکریہ اورامریکہ سمیت انسانی حقوق کے نعرے لگانے والوں کے لئے باعث شرم ہے ۔ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے نام پراس ملک کے سیاستدانوں اورنام نہادمذہبی پیشواؤں نے خوب مفادات حاصل کئے لیکن قوم کی اس بدقسمت بیٹی کیلئے آج تک کسی نے دل سے آوازبلندنہیں کی۔

عام انتخابات کے دوران قوم کی بیٹی کوامریکی قیدسے نجات دالانے کے وعدے اوردعوے کرنے والے الیکشن جیتنے اوراقتدارمیں آکرڈاکٹرعافیہ صدیقی کوہمیشہ کے لئے بھول گئے ۔حکمرانوں کی طرف سے عافیہ صدیقی کے بارے میں خاموشی اورملالہ پرگل پاشی اس بات کاثبوت ہے کہ دال میں کچھ نہیں بہت کچھ بلکہ ساری دال ہی کالی ہے۔

(جاری ہے)

ملالہ کوقوم کی بیٹی اورفخرقراردے کراس کے گن گانااورقوم کی اس حقیقی بیٹی جوغیروں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیواربنی۔

جس نے غیروں کاہرظلم وستم برداشت کیا کوبھول جانا یہ ظلم نہیں ظلم عظیم ہے۔وہ ملالہ اوبامہ جس کاآئیڈیل اورداڑھی،ٹوپی ،پگڑی وبرقعے سے جس کونفرت ہے ۔وہ ملالہ جواسلامی احکامات کوبھی پسماندگی سے تعبیرکرتی ہیں اس پرہم کیسے فخرکرسکتے ہیں ۔ہمارافخرتووہ عافیہ صدیقی ہیں جس کواسلام سے محبت اورسچی مسلمان ہونے کی سزادی جارہی ہے ۔آج غیروں کوخوش اورمغرب کی خوشنودی کیلئے ملالہ کومفت میں خراج تحسین پیش کرنے اورتعریفوں کی لڑی پرونے کیلئے ہم غلاموں کی طرح ہمہ وقت حاضرہیں لیکن افسوس اس مظلوم عافیہ صدیقی کے لئے حکمرانوں سے سیاستدانوں تک۔

۔۔علماء کرام سے اساتذہ کرام تک۔۔پولیس سے وکلاء تک۔۔ڈاکٹروں سے نرسوں تک ۔۔انجینئروں سے افسروں تک۔۔سرمایہ داروں سے جاگیرداروں تک ۔۔اداکاروں سے گلوکاروں تک اورکھلاڑیوں سے قلم کاروں تک کسی کے پاس ٹائم نہیں۔درحقیقت عافیہ صدیقی ہماری نااہلی،لاپرواہی اوربے حسی کی وجہ سے ناکردہ گناہوں کی سزابھگت رہی ہے۔عافیہ صدیقی کوظلم کی چکی میں پسنے والے کوئی اورنہیں ہم اورہمارے حکمران ہی ہیں ۔

چندڈالروں کی خاطرہمارے ظالم حکمرانوں نے نہ جانے عافیہ صدیقی جیسی قوم کی کتنی بہادر،باہمت اورمظلوم بیٹیوں کوغیروں کے حوالے کیا۔اسی لئے توہمارے بارے میں یہ کہاگیاکہ پاکستانی وہ قوم ہے جوپیسوں کی خاطرماں،بہن اوربیٹی کوبیچنے سے بھی دریغ نہیں کرتے ۔ہم توگئے گزرے زمانے کے ان لوگوں سے بھی بدترہیں جواپنی بیٹیوں کوزندہ درگورکرتے تھے ۔

عافیہ صدیقی پرظلم وستم اورملالہ پرنوازشات کی بارش نے امریکہ کااصل چہرہ بے نقاب کردیاہے ۔امریکہ کوخواتین کے حقوق کا اگرخیال ہوتاتووہ عافیہ صدیقی کے ساتھ جانوروں جیساسلوک کبھی نہیں کرتا۔درحقیقت امریکہ کوخواتین کیاانسانوں کے حقوق کابھی کوئی علم اورپرواہ نہیں ۔ملالہ کوصرف اس لئے سرپربٹھایاگیاکہ اس نے اسلام اورمسلمانوں کوبدنام کرکے امریکی مفادات کاتحفظ کیا۔

ملالہ کوامریکہ نے پہلے بھی اپنے مفادات کے لئے استعمال کیا،اب بھی کررہاہے اورآئندہ بھی جب تک امریکہ کاکام پورانہیں ہوتااستعمال کیاجائے گا۔ملالہ نے امریکی ایماء پرتعلیم کے نام پرپوری دنیامیں پاکستان اورپاکستانی قوم کامذاق اڑایا۔وطن عزیزمیں لڑکیوں کی تعلیم پرنہ توپہلے کوئی پابندی تھی نہ اب ہے۔چندشرپسندعناصرکی سوچ اورذہنیت کوکسی بھی طورپرپابندی کانام نہیں دیاجاسکتا۔

کیااس ملک کے سکول ،کالج ،یونیورسٹی اوردینی مدارس میں لڑکیاں تعلیم حاصل نہیں کررہیں۔ملالہ نے غیروں کوخوش کرنے کے لئے پاکستان کوبدنام کیا۔ملک کے 19کروڑعوام کوملالہ نہیں اس اعتزازپرفخرہے جس نے موت کوگلے لگاکرسکول کے معصوم بچوں کوآگ وخون میں نہلانے سے بچایا۔ہمارافخرپاک فوج اورپولیس کے وہ شہداء ہیں جنہوں نے امن اورہمارے روشن مستقبل کیلئے اپناآج اورکل دونوں قربان کیا۔

ہم امریکہ کی گودمیں بیٹھنے والی ملالہ پرفخرکرنے کی بجائے پاک فوج کے ان جوانوں پرفخرکیوں نہ کریں جوقبائلی علاقوں میں جانوں کے نذرانے پیش کرکے امن کے جھنڈے گاڑھ رہے ہیں ۔ہمیں ملالہ نہیں اس معصوم ارفع کریم پرفخرہے جس نے کم عمری میں ٹیکنالوجی کے میدان میں اس ملک اورقوم کانام روشن کیا۔امریکہ ،بھارت سمیت دیگراسلام اورپاکستان دشمن عناصرایک نہیں کئی ملالاؤں کواپنے مفادات اورمقصدکے لئے تواستعمال کرسکتے ہیں لیکن وہ انہیں پاکستانی قوم کے ہیروکبھی نہیں بناسکتے۔

ماناکہ اس ملک میں ملالہ کے نام لیوابھی ایک نہیں بے شمارہونگے جوہروقت ملالہ ملالہ کاوردکرکے غیروں کوخوش کررہے ہونگے لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ ملک کے اکثرعوام ملالہ جیسے کرداروں سے آج نہیں بلکہ بہت پہلے سے اچھی طرح واقف ہیں ۔امریکہ نے ڈاکٹرعافیہ پرظلم کے پہاڑتوڑکراپنی اصلیت ظاہرکردی ہے ۔مسلمانوں کودہشتگرداورانتہاء پسندکہنے والے سوچے توسہی کہ تاریخ میں آج تک کسی مسلمان نے کسی خاتون کے ساتھ ایساظالمانہ اورنارواسلوک کبھی نہیں کیاجوکچھ عافیہ صدیقی کے ساتھ امریکہ نے کیایا کررہاہے۔

خواتین کے حقوق کے دعوے کرنے والاامریکہ پاکستانی بیٹیوں کے ساتھ نارواسلوک کرتے ہوئے خواتین کے حقوق کیوں بھول جاتاہے۔۔؟دراصل امریکہ کواپنے مفادات کے علاوہ نہ کسی کامفادعزیزہے اورنہ ہی کسی کے حقوقکاکوئی خیال ۔اس لئے مسلم حکمرانوں کو ڈاکٹرعافیہ کی فوری رہائی کیلئے اب ہرحال میں اپنابھرپورکرداراداکرناچاہئے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :