تجربہ

جمعرات 19 فروری 2015

Nadeem Tabani

ندیم تابانی

وفاقی وزیر غلام مرتضی جتوئی کا کہنا ہے ”ایک چپڑاسی نہیں ہٹا سکتا وزارت کس کام کی؟“وزیر صاحب آپ چپڑاسیوں کی روزی مارنے کے لیے وزیر بنے تھے؟ توبہ توبہ کتنے سخت دل ہیں آپ ! ارے بابا وزیر تو وزیر ہی ہوتا ہے چپڑاسی ہٹا سکے یا نہ ، بھرتی کر سکے یا نہ ، ویسے اگر چپڑاسی نا اہل ہے تو اسکو ہٹانا کمال نہیں ، بنانا کمال ہے ، چپڑاسی ہٹانے یا لگانے کا اختیار تو اسحاق ڈار صاحب کے پاس بھی نہیں، یہی سوچ کر وہ میاں صاحب کے پاس چلے گئے اور بولے میاں صاحب آپ کی ایسی نیابت اور وزارت کا میں کیا کروں، کچھ کہنا ہو یا کرنا آپ سے اجازت لینا پڑتی ہے ، میاں نواز شریف نے اسحاق ڈار سے کہا : ”ڈار صاحب میں نے 93اور 99سے یہ سبق سیکھا ہے اس بار اختیار کی جنگ نہیں لڑنی، بس کام کرنا ہے ، اس لیے آپ دیکھ ہی رہے ہیں،میں راحیل شریف کو ساتھ ساتھ لیے پھرتا ہوں ، آگے آپ خود سمجھ دار ہیں۔

(جاری ہے)


####
گزشتہ روز پشاور میں جیل ملازمین نے پولیس چھترول کے مزے اٹھائے، بتایا جاتا ہے، جیل ملازمین نے اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کرنا تھا، اس کے لیے انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا کیوں کہ ایک تو وہ ان کی دودھ شریک پیٹی بہن ہے،دوسرا اس کو احتجاج کامیاب کرنے کا زیادہ تجربہ ہے اور ہائی لائٹ ہونے کے اصلی گر بھی پولیس ہی جانتی ہے، چناں چہ پولیس مشورے کے عین مطابق جیل ملازمین نے اسمبلی کے باہر دھرنا دیااور احتجاج شروع کر دیا ، ظاہر ہے مصروف ترین سڑک پر ٹریفک جام ہو گیا ، با اثر لوگوں کو معلوم ہوا کہ دو ٹکے کے جیل ملازمین احتجاج کر رہے ہیں ، انہوں انتظامیہ پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا، انتظامیہ نے پولیس کو حکم دیا کہ ان کو ہٹایا جائے ،چناں چہ احتجاج کامیاب بنانے کے لیے پولیس اٹھانے اور ملازمین دھرنا جاری رکھنے پر مصر ہوئے ، اتظامیہ نے مذاکرات آفر کیے لیکن ملازمین نے ٹھکرادیے ، اس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج شروع کیا تو ٹی وی کیمرے پہنچ گئے ، اور دنیا کو پتا چل گیا جیل ملازمین احتجاج کر رہے ہیں ۔

جیل کے مظلوم ملازمین کا پورا حق بنتا ہے کہ ان کی اشک شوئی کی جائے ، امید کی جا رہی ہے اس کے لیے ریحام خان عمران خان سے بات کر رہی ہوں گی۔
####
شیخ رشید نے پیشین گوئی کی ہے کہ سیاسی پارٹیوں میں ٹوٹ پھوٹ شروع ہوا چاہتی ہے ، انہیں ہوشیار رہنا ہو گا۔شیخ صاحب کے مزے ہیں ان کی پارٹی میں پاکستان عوامی لیگ میں ٹوٹ پھوٹ کے امکانات نہیں ہیں، بتایا جاتا ہے متحدہ مسلم لیگ بنانے کے خواہش مند لوگوں نے شیخ صاحب سے بھی رابطہ کیا تھا، شیخ صاحب نے ان کو اپنی جماعت کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلانے کے ساتھ ساتھ یہ بھی وعدہ بھی کیا کہ تمام ٹی وی چینل کے سیاسی ٹاک شو میں ترجمانی کی تن تنہا ذمے داری سنبھالنے کو وہ تیار ہیں ۔


####
آئیے ” ٹوم ٹاٹو “ سے ملیے ، ٹوم ٹاٹو برطانوی سائنس دانوں کے دل چسپ تجربات سے وجود میں آئے ہیں ان کی خوبی ہے یہ بہ یک وقت آلو بھی اگاتے ہیں اور ٹماٹر بھی ، جی ہاں ان کی جڑیں آلوؤں سے بھری ہیں اور ان کی شاخوں پر ٹماٹر لٹک رہے ہیں ، خیال کیا جا رہا ہے پاکستان کے زرعی سائنس دان جلد ہی اس پودے پر مرچیں دھنیا اور پودینا لگانے کے تجربات کریں گے اور اس میں کامیابی کے بعد اگلا ہدف پکی پکائی سبزی اگانا ہو سکتا ہے۔


####
ماشا ء اللہ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ حسب توقع و روایت ہار گئی ہے ، اگلے میچ کیسے ہارنے ہیں ،اس کے لیے ٹیم انتظامیہ ، کوچ ،کپتان اور کھلاڑیوں کے بیچ مشورے ہو رہے ہیں، بتایا جارہا ہے ، سابق وکٹ کیپر معین خان پی سی بی کا سارا سیٹ اپ تن تنہا چلا رہے ہیں،ان کا خیال ہے اگلی شکست کے لیے کوئی نیا تجربہ کیا جائے ، مثلا یونس خان کی جگہ ناصر جمشید کو رکھا جائے ، جب کہ کپتان اور دیگر سینیر کھلاڑیوں کا خیال ہے کہ یونس خان سب سے سینیر کھلاڑی ہیں ، ان کے تجربات اور مشورے کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ بنیں گے اور شکست بہ آسانی ممکن ہو سکے گی ، کھلاڑیوں کا یہ بھی کہنا ہے نئے کھلاڑی جوش میں ٹیم کو جتاہی نہ دیں اور بنے بنائے منصوبے خاک میں نہ مل جائیں،جیسے 92کے ورلڈ کپ میں انضمام نے کیا تھا، اب لوگ صہیب مقصود سے توقع لگائے بیٹھے ہیں،اگرصہیب نے توقع پوری کر دی تو! ! !جہاں تک شکست کی ذمے داری لینے کا سوال ہے تو اس بابت شاہد آفریدی کی رائے ہے کہ تمام سینیر مل جل کر ذمے داری لینے کو تیار رہیں، ڈرنے کی ضرورت نہیں ، کیوں کہ یہ سب سینئرز کا یہ آخری ورلڈ کپ ہے ، اگلے ورلڈ کپ تک کئی کھلاڑی سینئر ہو چکے ہوں گے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :