سب پہ بھاری

جمعرات 4 دسمبر 2014

Prof.Riffat Mazhar

پروفیسر رفعت مظہر

پیپلزپارٹی کے یومِ تاسیس کے موقعے پر جنابِ آصف زرداری نے اپنے بحریہ ٹاوٴن لاہور والے بَم پروف گھر میں جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا ”گونوازگو کا نعرہ میرے کانوں کوبھی بہت اچھا لگتاہے لیکن ابھی اِس کا وقت نہیںآ یا۔نوازشریف جائیں تو عمران خاں کی پِچ پر کیوں جائیں ۔وہ جائیں گے تو ہماری پِچ پر جائیں گے ۔ابھی عمران خاں کو باوٴلنگ کرنے دیں ۔

جب وہ پِچ سیدھی کر لیں گے تو پھر ہم باوٴلنگ کریں گے“۔ایسے خواب دیکھنے میں کوئی ہرج نہیں لیکن زرداری صاحب اور اکابرانِ PPP اپنے دَور میں جو گُل کھلا چکے ہیں اُنہیں مدِنظر رکھتے ہوئے ہمارے کاغذوں میں تو پیپلزپارٹی ”ٹائیں ٹائیں فِش“ہوچکی ۔زرداری صاحب کا طرزِسیاست انوکھا ہے نہ نرالا۔اپنے دَورِ حکومت میں تو وہ ”مقتدر قوتوں “کے سامنے سرِتسلیم خم کرکے ہی گزارا کرتے رہے اور اسی ”سجدہ ریزی“ میں اُنہوں نے پانچ سال یہ کہتے کہتے حکومت کرلی
میں بچا تیرِ حوادث سے نشانہ بَن کر
آڑے آئی میرے تسلیم سَپر کی صورت
کاغذ کے ایک ٹکڑے کی آڑ میں پیپلزپارٹی پر قبضہ کرنے والے زرداری صاحب کہتے ہیں کہ وہ وَن ڈے یا T20 کے نہیں بلکہ ٹیسٹ میچ کے کھلاڑی ہیں لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ وہ کھلاڑی نہیں اناڑی ہیں جنکے دَورِحکومت میں جیالے مایوس ہوکر گھروں میں بیٹھ رہے اور پیپلزپارٹی صرف سندھ تک محدود ہو کے رہ گئی۔

(جاری ہے)

زرداری صاحب نے بینظیر کے ساتھیوں کو چُن چُن کر ”نُکرے“لگایااور اپنے لیے ایسی ٹیم تشکیل دی جس کی ”غضب کرپشن کی عجب کہانیاں“آج بھی زباں زَدِعام ہیں ۔خادمِ اعلیٰ نے اِس ٹیم کو ”زَرباباچالیس چور“کا خطاب دیااور قوم سے اُنہیں سڑکوں پر گھسیٹنے کا وعدہ بھی کیا لیکن کپتان صاحب نے میاں برادران کو ایسی ”کڑِکی“میں پھنسایا کہ اُنہیں پیپلزپارٹی کا سہارا لیناپڑا۔

جب سیّدخورشیدشاہ نوازلیگ کے کندھے سے کندھا ملائے کھڑے ہونگے تو پھر کہاں کی سڑکیں اور کہاں کا گھسیٹنا ۔اِس لیے ہم تو یہی سمجھتے ہیں کہ کَڑے احتساب کی راہ میں تحریکِ انصاف ہی سدِسکندری بن کے کھڑی ہوگئی ہے۔
اُدھر ہمارے کپتان صاحب جو وَن ڈے کے ماہر کھلاڑی ہیں، اُنہیں نوازلیگ سے ٹیسٹ میچ کھیلنا پڑ رہاہے جس کی بنا پر وہ ہروقت تیوریاں چڑھائے رکھتے ہیں ۔

ویسے بھی جب فاسٹ باوٴلر کو وِکٹ نہ ملے تو وہ باوٴنسر پھینک پھینک کر بیٹس مین کے ”کھُنّے سیکنے“کی کوشش کرتا رہتاہے ۔یہی کام ہمارے کپتان صاحب بھی کررہے ہیں ۔اُدھر میاں صاحب نے اپنے پورے جسم کو پارلیمنٹ کے عطا کردہ ہیلمٹ میں چھپا رکھاہے اورہیلمٹ کے پیچھے سے طنزیہ ہنسی بھی ہنستے رہتے ہیں جس سے ہمارے کپتان صاحب کا پارہ آسمانوں کو چھونے لگتاہے ۔

اُنہوں نے اپنا پلان ”C “ظاہر کردیا اور ”D“ کی دھمکی بھی دے دی لیکن اگلے ہی دِن پلان تبدیل بھی کردیا ۔اِس پلان کے مطابق پہلے لاہور ،فیصل آباد اور کراچی کو بند کیا جاناتھا اور پھر پورے پاکستان کو لیکن شاہ محمودقریشی صاحب نے وضاحت فرمادی کہ شہر بند کرنے کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ ہم شٹرڈاوٴن کروائیں گے یا ٹریفک جام کریں گے ،ہم توصرف بڑی شاہراہوں پر پُرامن احتجاج کریں گے ۔

شہر بند کرنے کا یہ انوکھا اورنرالا مطلب صرف تحریکِ انصاف کی کورکمیٹی ہی نکال سکتی ہے ۔تحریکِ انصاف کی ”کورکمیٹی“کو ” کروڑکمیٹی“تو کہا جا سکتاہے کیونکہ اُس میں کروڑوں ،اربوں کے مالک ہی جگہ پاسکتے ہیں لیکن ہیں سبھی ”کورعقل“۔ ایک ماہ سے پلان سی پر مشورے ہورہے تھے اور جب یہ پلان فائنل ہوا تو اگلے ہی دِن اُسے تہس نہس کرکے رکھ دیا ۔

اگر ہم کورکمیٹی میں ہوتے تو مشورہ دیتے کہ خاں صاحب عزت اسی میں ہے کہ ”نیویں نیویں“ ہوکر نکل جائیں کیونکہ جِن لوگوں سے ”مَتھا“لگاہے وہ آپ سے بھی زیادہ ضِدّی ہیں۔ لیکن ہماری کون سُنتا ہے ،ہمیں تو لوگ لکھاری ماننے کو بھی تیار نہیں ۔ویسے ہمیں حیرانی ہوتی ہے کہ سب کچھ اپنی آنکھوں کے سامنے ہوتا ہوا دیکھنے کے باوجود لوگ خاں صاحب کی تحریک کے حق میں کالم لکھنے کی ہمت کیسے کرلیتے ہیں۔

ایک چوہے نے ہاتھی کی عمر پوچھی ۔ہاتھی نے جواب دیا ”دوسال“۔ پھر ہاتھی نے چوہے کی عمر پوچھی تو چوہے نے کہا ”ہے تو میری عمر بھی دو سال ہی لیکن میں بیمارشمار رہتا ہوں“۔ لگتا ہے کہ یہ لوگ بھی ذہنی طور پر ”بیمارشمار“ ہی رہتے ہیں ۔
تحریکِ انصاف کی ”کورکمیٹی“کی بَدحواسیوں کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ میاں برادران بَچ گئے ۔

یاد رہے کہ ابھی کپتان کی ”پٹاری“میں بہت کچھ باقی ہے ۔ضیاء الحق مرحوم کے دَور میں دو جیالے محوِگفتگو تھے ۔ایک نے دوسرے سے کہا ”یار! یہ ضیاء الحق کب جان چھوڑے گا؟“۔ دوسرے نے جَل بھُن کرکہا ”اتنی جلدی جان نہیں چھوڑنے والا۔یہ قوم کو پورا قُرآن سُنا کر ہی جائے گا اور ابھی تو اُس نے صرف سورة فاتحہ ہی سنائی ہے“۔ اسی طرح میاں برادران ہوشیارباش ،ابھی تو خاں صاحب نے قوم کو پلان ”سی“دیا ہے اور پلان ”ڈی“سے ”زیڈ“ تک 23 پلان باقی ہیں ۔

وثوق سے کہا جا سکتاہے کہ کپتان صاحب تو پلان پہ پلان دیتے چلے جائیں گے کیونکہ وہ ”ویہلے“ہیں اور اُنہیں اِس کے سوا کوئی کام ہی نہیں لیکن میاں برادران خود ہی ”ہَپھ“کر میدان چھوڑجائیں گے ۔خاں صاحب نے 30 نومبر کواسلام آباد میں میلہ لگادیا جس میں عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی ،سلیمان احمد ابرار الحق اور دیگر گلوکاروں نے سماں باندھ دیا۔

نسلِ نَو والہانہ رقص کرتی رہی اور خیبرپختونخوا کے وزیرِاعلیٰ پرویزخٹک کو بھی یہ کہناپڑا ”لوگ کہتے ہیں پرویزخٹک رقص کرتاہے لیکن میں کہتا ہوں کہ جہاں اتنا جنون ہو،وہاں رقص تو کرناہی پڑتاہے“۔دروغ بَرگردنِ راوی وہاں تو پولیس والوں نے بھی سفارشیں ڈلوا ڈلوا کر اپنی ڈیوٹیاں لگوائیں کیونکہ مفت میں عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی سننے کو مِل جائے توکس کا وہاں جانے کو جی نہیں چاہے گا۔

میاں برادران اپنے دِل پرہاتھ رکھ کر کہیں کہ کیا اُن کے جلسوں میں جناب چودھری نثار ،پرویزرشید ،خواجہ آصف ،خواجہ سعدرفیق اور خود خادمِ اعلیٰ ایسا والہانہ رقص کر سکتے ہیں ؟۔اور جس طرح کنٹینر پر کھڑے کپتان صاحب جھوم رہے ہوتے ہیں،ایسے میاں نوازشریف جھوم سکتے ہیں؟۔اگر نہیں تو پھر میاں صاحب مستعفی ہوکر حکومت کپتان صاحب کے سپرد کردیں کیونکہ نسلِ نَو کو عالمِ مستی میں جھومنے والے رہنما ہی پسند ہیں ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :