اُنہوں نے فرمایا

منگل 2 دسمبر 2014

Prof.Riffat Mazhar

پروفیسر رفعت مظہر

ایک دفعہ پھر اسلام آبادکو ”یرغمال“بنایا جارہا ہے۔ دھرنوں سے قوم کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگ چکا،اب دیکھیں 30نومبر کو کتنے کا لگتاہے ۔خاں صاحب نے قوم سے مکمل ثبوتوں کے ساتھ28 نومبر کی پریس کانفرنس میں انکشافات کا وعدہ کیا لیکن”دیکھنے ہم بھی گئے پہ تماشہ نہ ہوا“۔ وہی پرانی باتیں ثبوت ایک بھی نہیں۔عارف علوی نے کہاکہ وہ ”ڈیٹا“ تودیں گے مگر ثبوت فراہم نہیں کرسکتے ۔

علوی صاحب کے ”انکشاف“کے مطابق 50 لاکھ ووٹ زیادہ پرنٹ کیے گئے جو نوازلیگ کوڈالے گئے لیکن الیکشن کمیشن نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ صرف 8 لاکھ ووٹ زیادہ پرنٹ ہوئے اورہر الیکشن میں کچھ زیادہ ووٹ ہی پرنٹ کیے جاتے ہیں ۔خاں صاحب نے فرمایا کہ پری پول دھاندلی ہوئی نہ پولنگ ڈے پر ،ساری دھاندلی پولنگ کے بعد آراوز نے کی “۔

(جاری ہے)

عرض ہے کہ میں نے اپنی سروس کے دَوران بلدیاتی سمیت ہر الیکشن میں بطور پریذائیڈنگ آفیسر کام کیا ۔

اِس لیے مجھے علم ہے کہ ہر پریذائیڈنگ آفیسر اپنے پولنگ سٹیشن کے نتائج کی مصدقہ کاپی ہر اُمیدوار کے پولنگ ایجنٹ کو دینے کاپابند ہوتاہے ۔خاں صاحب اُنہی مصدقہ نقول کی بنیاد پر انتخابی نتائج کا جائزہ لے لیں ،دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا ۔خاں صاحب نے فرمایاکہ وزیرِاعظم کی الیکشن والے دِن 11.20پرکی جانے والی تقریرنے نتائج اُلٹ دیئے۔

اپنے ذاتی تجربے کی بنیاد پر میں کہہ سکتی ہوں کہ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے زیادہ سے زیادہ تین گھنٹے بعد انتخابی نتائج پولنگ ایجنٹس کے ہاتھ میں ہوتے ہیں اور11.20تک تو ہراُمیدوار مکمل نتائج سے آگاہ ہو چکا ہوتاہے اِس لیے یہ الزام بے معنی ہے ۔خاں صاحب کہتے ہیں کہ 2008ء میں 68 لاکھ ووٹ لینے والی نوازلیگ 2013ء میں ڈیڑھ کروڑووٹ کیسے لے گئی؟۔جواباََعرض ہے کہ 2002ء میں ڈیڑھ لاکھ ووٹ لینے والی تحریکِ انصاف 2013ء میں 78لاکھ ووٹ کیسے لے گئی؟۔

نوازلیگ نے تو تقریباََ دوگنے ووٹ لیے لیکن تحریکِ انصاف تو 50 گُنا سے بھی زیادہ ووٹ لے گئی ۔کیا یہ بھی دھاندلی کا ہی شاخسانہ ہے؟۔مکرّر عرض ہے کہ 2008ء میں ٹَرن آوٴٹ 44فیصد اور 2013ء میں 52 فیصد رہااور ووٹر کی تعداد بھی پہلے سے ایک کروڑ تیرہ لاکھ زیادہ تھی ۔اِسکے علاوہ میاں برادران جلاوطنی کاٹ کر الیکشن سے چنددِن پہلے پاکستان آئے اور افراتفری میں تمام حلقوں میں مناسب اُمیدوار بھی کھڑے نہ کرسکے جبکہ موجودہ انتخابات میں ہوم ورک مکمل اور میاں شہبازشریف کی پانچ سالہ محنت سب کے سامنے تھی ،جس کا ثمر اُنہیں مل گیا۔

تحریکِ انصاف سے سوال ہے کہ اُس نے ویب سائیٹ سے تسنیم نورانی کی سَربراہی میں قائم کی جانے والی کمیٹی کی رپورٹ کیوں ہٹادی جس میں واضح طور پر لکھاہے کہ ٹکٹیں فروخت کی گئیں اور الیکشن میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی ۔افلاطون نے کہا ”سخت کلام آگ کا وہ شُعلہ ہے جو اپنا داغ چھوڑ جاتا ہے “۔خاں صاحب کی سخت کلامی اور الزام تراشی حدوں سے نکل چکی۔

وہ جب تقریر کے لیے کھڑے ہوتے ہیں تو ربّ ِ کریم کا یہ فرمان بھی بھول جاتے ہیں ”تباہی ہے ہر اُس شخص کے لیے جو لوگوں پر طعن اور برائیاں کرنے کا خوگر ہو“(الھمزة)۔لیکن خاں صاحب تو صرف طعنوں سے ہی کام لیتے ہیں اور بقول غالب
نکالا چاہتا ہے کام تُو طعنوں سے کیا غالب
ترے بے مہر کہنے سے وہ تُجھ پر مہرباں کیوں ہو
جوکپتان صاحب کی ہاں میں ہاں ملائے وہ فرشتہ باقی سب ”بَونے“اور ”بُوزنے“ ۔

اُنہوں نے پہلے توفخرالدین جی ابراہیم ،چیف جسٹس افتخارمحمدچودھری اور نجم سیٹھی کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملائے لیکن الیکشن ہارنے کے بعدسبھی بے ایمان ٹھہرے ۔خاں صاحب کی ضِدپر عدلیہ کی زیرِنگرانی انتخابات ہوئے لیکن انتخابات کے بعد خاں صاحب نے عدلیہ کے ریٹرننگ آفیسرز کے کردار کو ”شرمناک“قرار دے دیا۔جب سپریم کورٹ نے اِس بَدزبانی پر اُنہیں طلب کرلیا تو بڑے بھولپن سے فرمادیا ”مجھے تو پتہ ہی نہیں تھا کہ شرمناک گالی ہوتی ہے“۔

19 مئی 2014ء کو جب محترم تصدق حسین جیلانی چیف جسٹس تھے تو خاں صاحب نے فرمایا ”اللہ کرے ملک کو تصدق حسین جیلانی اور ناصرالملک جیسے لوگ میسر ہوں ۔اُن پر آنکھیں بند کرکے اعتبار کیا جاسکتا ہے“۔ اِدھر تصدق حسین جیلانی ریٹائر ہوئے ،اُدھر خاں صاحب نے گِرگٹ کی طرح رنگ بدلتے ہوئے فرمادیا ”جیلانی صاحب!آپ اچھے آدمی ہیں لیکن ہمیں آپ بطور چیف الیکشن کمشنر قبول نہیں “۔

اِن فرمودات کا نتیجہ یہ نکلا کہ پہلے جسٹس بھگوان داس اور پھر جسٹس تصدق حسین جیلانی نے چیف الیکشن کمشنر بننے سے صاف انکار کردیا اور اب اعلیٰ عدلیہ نے بھی الیکشن کمیشن کو ریٹرننگ آفیسرز دینے سے صاف انکار کردیاہے ۔خاں صاحب کہا کرتے تھے کہ وہ شیخ رشید کو اپنا ”چوکیدار“رکھنا بھی پسند نہیں کرتے لیکن اب وہی چوکیدار ہمہ وقت اُن کے پہلو میں پایا جاتا ہے ۔

خاں صاحب نے تو اپنوں کو بھی نہیں بخشا ،جاویدہاشمی بَددِل ہوکر تحریکِ انصاف چھوڑ گئے ،خیبرپختونخوا میں اپنے اتحادی آفتاب شیرپاوٴ کی جماعت کے وزراء پر کرپشن کا الزام دھر کر چھُٹی کرا دی لیکن کوئی انکوائری نہ ثبوت ۔محترم سراج الحق صاحب کو کہا ” وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا بند کریں اور بتلائیں کہ آپ تحریکِ انصاف کے ساتھ ہیں یا نوازلیگ کے ساتھ“۔

مرنجاں مرنج امیرِ جماعت نے اپنے ساتھیوں کو تلقین کر دی کہ کوئی جواب نہیں دے گا۔اگر محترم سراج الحق کی جگہ کوئی اورہوتا تومعاملہ ”گَڑ بَڑ“ ہوجاتا کیونکہ مولانا فضل الرحمٰن نے تو حکومت گرانے کے لیے ”ڈنڈبیٹھکیں“بھی لگانا شروع کردی تھیں ۔کپتان نے کہا ”میڈیا ہاوٴسز لکھاری اور اینکرپرسنز ، بکاوٴ مال اور ضمیرفروش ہیں۔

آئی بی کو اِن کے ضمیر خریدنے کے لیے2 ارب70کروڑ روپے دیئے گئے لیکن اُنہیں یہ پتہ نہیں کہ کِس کو کتنا ملا“ ۔جب صحافیوں نے ”صحافتی ڈنڈا“اُٹھایاتوشاہ محمودقریشی کے سمجھانے پرPFUJ کے صدر افضل بَٹ اور دیگر اراکین کی موجودگی میں فرمایا ”حکومت نے صحافیوں کو خریدنے کے لیے بھاری رقوم کی پیش کش کی لیکن صحافیوں نے غیرجانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی پیش کش کو ٹھوکر ماردی “۔آخرمیں فقط اتناکہ خاں صاحب فرصت کے لمحات میں اپنی ”اداوٴں“پر غور فرمالیں کیونکہ بہتری اسی میں ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :