”بھنگی غازی“

پیر 13 اکتوبر 2014

Nadeem Tabani

ندیم تابانی

ہندوستان کے وزیر اعظم مسٹر موڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بولی نہیں گولی سے جواب دینے کا وقت آگیا ہے ، مسٹر موڈی آپ سچ ہی تو کہتے ہیں، آپ نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ دو قومی نظریہ پوری آب و تاب کے ساتھ آج بھی زندہ و تابندہ ہے ،جو لوگ اس نظریے کو دفن کر نے کی خواہش رکھتے ہیں وہ خود دفن ہو جائیں گے، نظریہ دفن نہیں ہو گا، آپ کی حرکتیں ”گاندھی جی “کی روح کو سر شار کر رہی ہیں اور آپ کی زبان ہندو قوم کو اندرا گاندھی کی یاد دلا رہی ہے۔

ہندو قوم تو یقینا آپ کی شکر گزار ہو گی ہی ،پاکستانی قوم بھی آپ کا شکریہ ادا کرتی ہے ۔
پتا نہیں ہمارے میاں صاحب کو آپ کے بارے میں کیسے یہ خوش فہمی ہو گئی کہ آپ نے بچپن ، لڑکپن اور جوانی کی عادتیں چھوڑ دی ہیں ، یا چھوڑنے پر آمادہ ہیں،پتا نہیں ان کو یہ کیوں یاد نہیں رہا کہ جب بھی امن کی آشا اور چین کی بھاشا آپے سے باہر ہوتی ہیں، ہندوستان کی گولا باری ہی ان کو دوبارہ جامے میں ڈالتی ہے، آپ نے پاکستان کے لیے دشمن کا لفظ بول کر حافظ سعید ، مسعود اظہر اور ان کے ساتھیوں کی طبیعت خوش کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

آپ کا یہ بول ان کے لیے بہت بڑا تحفہ ہے ، امید کی جاتی ہے ، یہ حضرات جوابی تحفہ بھجوانے کی تیاری کر رہے ہوں گے۔
####
وزیر اعلی سندھ سائیں قائم علی شاہ سرکار کا ارشاد گرامی ہے ”کچی شراب پی کر جان دینے والے شہید ہیں، ان نوجوانوں نے شوقیہ شراب پی تھی“۔سائیں سرکار کیا کہنے آپ کے !یہ فرمائیے گا جو” بھنگ “پی کے خاص دعوتوں میں جھومتے جھامتے اور سرکاری دفاتر میں گھومتے گھامتے ہیں ہیں، ان کو ”غازی“ کا خطاب کب دیجیے گا؟اور یہ بھی ارشاد ہو کہ شراب پینے والا شربی کہلاتا ہے تو ”بھنگ“ پینے والے کو ”بھنگی“ کہا جا سکتا ہے نا! کوئی اعتراض معتراض تو نہیں نا سائیں سرکار کو ، درجہ شہادت پانا کافی آسان کر دیا آپ نے ۔

یادرہے کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بقر عید پر کچی شراب نوش جاں کرنے سے 34افراد ”شیطان“ کو پیارے ہو چکے ہیں۔
####
پی پی کے تن مردہ میں جان ڈالنے کے لیے جناب زرادی بلاول سائیں کو میدان میں لے آئے ہیں، بلاول سائیں ہلکی پھلکی مشق کے بعد 18اکتوبر کو کراچی میں جلسے سے خطاب کر کے عملی سیاست کا آغاز کر رہے ہیں، بلاول سائیں سب کو للکار رہے ہیں لیکن ابا سائیں کی ہدایت پر میاں صاحبان اور ان کی آل اولاد کے بارے میں سوچ سمجھ کر بولتے ہیں البتہ الطاف بھائی کو جھنجھوڑنے کے ساتھ ساتھ عمران خان کو بھی بھنبھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں، بلاول سائیں نے عمران کی کرکٹ میں مہارت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ان کو کرکٹ سیکھنا ہو گی تو خان صاحب سے رجوع کریں گے ،لیکن خان صاحب کو سیاست سیکھنے کے لیے بھٹو کے پاس جانا پڑے گا،بلاول سائیں ! تم نے اتنی بڑی بات کتنی سادگی سے کہہ دی ، ارے چھوٹے سائیں !خان صاحب سیاست سیکھنے کے لیے بھٹو کے پاس جانے کو تیار ہیں، لیکن ان کو یہ یقین دہانی چاہیے کہ فرشتے خان صاحب کو بھٹو صاحب کے پاس جمع تو نہیں کرلیں گے نا!اگرواپس نہ آنے دیا تو اگلا وزیر اعظم کون ہو گا، اور نیا پاکستان کون بنائے گا؟
####
ایک امریکی عدالت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کوا جازت دے دی ہے کہ وہ اپنی رہائی کے لیے کی جانے والی اپیل واپس لے سکتی ہیں، اس امریکی احسان کا پس منظر یہ ہے کہ جج صاحب اگر ڈاکٹر عافیہ کی درخواست پر کارروائی جاری رکھتے تب بھی ڈاکٹر عافیہ کو رہائی ملنے یا سزا میں کمی کاا مکان اعشاریہ ایک فی صد بھی نہ تھا ، اس لیے کہ امریکی قانون میں اس کی گنجائش ہی نہیں، جس چیز کی گنجائش ہی نہ ہو اس کے لیے لڑنے کا فائدہ؟ اس لیے ڈاکٹر عافیہ نے اپنی اپیل واپس لینے کی درخواست کی ، جس کو جج نے منظور کر لیا ، جج صاحب ! پوری پاکستانی قوم اس محبت پر آپ کا شکریہ اداکرتی ہے ، آپ کا یہ احسان ہمیشہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔


####
ملالہ بی بی مبارک ہو ! آخر تم نے نوبل امن انعام جیت ہی لیا ،جلنے والے جلتے رہیں گے ، کڑھنے والے کڑھتے رہیں گے ، تم ترقی کے زینے چڑھتی جاؤ ، ہماری دعا ہے خدا کرے تم دنیا کے سارے انعامات اور ایوارڈ جیت لو ! بس ایک بات یاد رہے ، پاکستان آنے کی کوشش نہ کرنا ، یہ ملک تم جیسی ہستیوں کے لیے نہیں ہے ، جو لوگ تمھیں سیاست میں لانے اور وزیر اعظم پاکستان بنانے کی پیش کش کر رہے ہیں ، وہ ہر گز ہرگز تمھارے خیر خواہ نہیں ، تمھیں سیاست میں آنے کی ضرورت ہی نہیں ، تمھیں پالنے پوسنے والے جو سیاست کر رہے ہیں وہی کافی ہے ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :