تیر و ترکش

منگل 2 ستمبر 2014

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#پولیس کو گلو بٹ بنا دیا گیا، پرویز خٹک
اور آپ سے ابھی تک پوچھا نہیں گیا گلو بٹ بننے کا
#عمران خان نے جاوید ہاشمی سے راستے جدا کرنے کا اعلان کر دیا
اس لیے کہ ہاشمی صاحب کو ہمیشہ سے راستا کھوٹا کرنے کاجنون ہے
# لیاقت جتوئی کا ن لیگ سے ساتھیوں سمیت علیحدگی کا اعلان
جتوئی صاحب کے اس طرح کے اعلانات کی تعداد اب تو خود ان کو بھی یاد نہیں رہی ہوگی
#سیاسی قائدین کا مل کر بحران حل کرنے پر اتفاق
سیاسی قائدین بحران پیدا کرسکتے ہیں حل کرنا نہیں جانتے
#فوج کی نگرانی میں قومی حکومت کی تشکیل ناگزیر ہو چکی ہے، پرویز مشرف
اور یہ ناگزیر یت آپ کی رہائی کے لیے بہت ناگزیر ہے
#جاوید ہاشمی جنرل ضیاء الحق سے حلف لینے میرا سوٹ پہن کر گئے تھے،شیخ رشید
وہی سوٹ جو آپ کو چودھری ظہور الٰہی مرحوم نے لے کر دیا تھا ناں…
#امید ہے فوج اپنا وزن جمہوریت کے پلڑ ے میں ڈالے گی، سراج الحق
اور اس طرح کی جمہوریت ہمیں بہت راس آتی ہے
#ایس ایس پی محمد علی نیکو کارہ اور ایس پی کیپٹن الیاس کا کریک ڈاؤ ن سے انکار، ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد کا چارج ’دبنگ خان‘ عصمت اللہ جونیجو کے حوالے
اگر حالات و واقعات کی رفتار یہی رہی تو دبنگ خان سمیت بڑے بڑے تیس مار خان ممیاتے نظر آئیں گے
#حکمرانوں نے اسلام آباد کو تماشا بنا دیا،شرجیل میمن
کیوں کہ سید خورشید شاہ اور زرداری صاحب کو تماشا دیکھنے کا شوق تھا
#کور کمانڈر کانفرنس میں جمہوریت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ، خواجہ آصف
جی کے بہلانے کو ’خواجہ‘ یہ خیال’برا‘ ہے
#عمران اور میں بھائی ہیں جنگ اکٹھے جیتنی ہے، طاہر القادری
پہلے ماجد خان اور حفیظ اللہ نیازی سے پوچھ لیں عمران بھائیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا کرتے ہیں
#عمران کے فیصلوں میں شامل نہیں ہوں، شیخ رشید
کیوں کہ عمران کو بھی فیصلے کیے کرائے ہی ملتے ہیں
#نواز شریف فوراً کسی دوسرے شخص کو وزیراعظم بنا دیں، الطاف حسین
یہ دوسرا شخص اگر شہباز شریف یا حمزہ شہباز ہوا تو؟
#پاکستان میں ماورائے آئین اقدام کی مخالفت کریں گے، امریکی سفیر
آپ کے اس طرح کے بیانات کے بعد پاکستانی قوم ماورائے آئین اقدام کرنے والوں کو کندھوں پر بٹھائے گی
#وزیراعظم کے استعفے یا چھٹی پر جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،سرکاری ترجمان
اور اگر یہ سوال پیدا ہو گیا تو جواب وہی ہوگا جو سوال کرنے والے چاہیں گے
#افریقی ملک لیسوتھو میں فوج نے حکومت کا تختہ الٹ دیا،وزیراعظم فرار
آخر ہمارے اخباروں کو اس طرح کی خبر مل ہی گئی اپنے ملک سے نہ سہی دور دراز افریقی ملک سے ہی سہی
#عمران اور قادری لوگوں کو ایندھن کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، اعتزاز احسن
عمران اور قادری کو استعمال کرنے والوں کے متعلق بھی تو کچھ بتائیں
#طاہر القادری حکومت کو سوچ بچار کے لیے مزید مہلت دیں،ثروت اعجاز قادری
کیوں کہ قادری صاحب سے یہ کام ہو ہی نہیں سکتا، بھلا کون سا…وہی سوچ بچار والا
#استعفے کا مطالبہ ماننا میرے اختیارمیں نہیں، وزیراعظم نواز شریف
اور میں تووہ کام کرنے میں بھی بہت دیر کر دیتا ہوں جو میرے اختیار میں ہوں
#شیلنگ شروع ہوتے ہی دھرنا قائدین بلٹ پروف گاڑی اور کنٹینر میں چلے گئے
ان کے پاس پانی میں بھیگے کپڑے اورنمک نہیں تھاناں آنسو گیس کے اثرات سے بچنے کے لیے
#نواز شہباز دونوں کو جانا ہوگا، لیاقت جتوئی
ورنہ میں ن لیگ میں دسویں مرتبہ واپس آجاؤں گا
#پی پی نے حکومت کی حمایت ترک کرنے کی دھمکی دے دی
بس دھمکی ہی ہے ورنہ پیپلز پارٹی جس تنخواہ پر گزارہ کر رہی ہے وہ پہلے ہی بہت زیادہ ہے
#صبر ختم میدان میں آنا پڑے گا، فاروق ستار
میدان میں آنے سے پہلے سوچ لیں وہ کراچی نہیں پوٹھوہار کا ناہموار میدان ہے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :