تیر و ترکش

جمعرات 26 جون 2014

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#ہمیں 5سال سال تک ٹِک کر کام کرنے اور پاکستان کو آگے بڑھنے دیں ٹانگیں نہ کھینچی جائیں، نواز شریف
پہلی بات تو یہ کہ آپ کو خود ٹِک کر کام کرنے کی عادت نہیں دوسرے آپ پانچ سال میں وہ کام کرنا چاہتے ہیں کہ آپ کا خاندان پاکستان سے بھی آگے نکل جائے اور تیسری بات یہ دیکھیں کہ آپ نے ٹانگیں پھنسا کہاں کہاں رکھی ہیں!
#ملک دیوالیہ ہونے کی پیش گوئیاں دم توڑ گئیں، اسحاق ڈار
کتنے خاندانوں کو بمشکل ایک وقت کی دال روٹی اور کتنے نوجوانوں کو روزگار مل رہا ہے ذرا یہ بھی پتا کر لیں
#صرف فوج ہی میرے ارادے بدل سکتی ہے سویلین حکومت سے کوئی بات نہیں ہوگی، طاہر القادری
ہائے بے چاری فوج…!
#منہاج القرآن میں جو کچھ ہوا انتظامیہ کی مسِ ہنڈلنگ کا نتیجہ ہے، رانا ثناء اللہ
اس ’مسِ ہنڈلنگ‘ کے ماسٹر مائنڈ بھی تو غالباً آپ ہی تھے ناں…
#سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے بیٹے ارسلان افتخار کو بلوچستان انوسٹمنٹ بورڈ کا وائس چیئر مین بنا دیا گیا
صاحبزادے کو کافی تجربہ ہوگا ناں’انوسٹمنٹ‘ کا
#طاہر القادری کے لیے عمران خان کا خصوصی پیغام
جاگ دے رہنا… ساڈے تے نہ رہنا
#کسی کو عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہ دی جائے، وزیراعظم کی وزیراعلیٰ پنجاب سے گفتگو
بلکہ زیادہ مناسب ہے کہ یہ کام حکومت پنجاب خود ہی کر لے
#کسی ایسی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے جمہوریت ڈی ریل ہو، سراج الحق
لگتا ہے آج کل منور حسن صاحب سے بالکل ہی ملاقات نہیں ہوتی آپ کی
#طاہر القادری کے استقبال کے لیے گلوبٹ ہی جائیں گے، لیاقت بلوچ
شیخ رشید اور چودھری شجاعت بھی ڈاکٹر صاحب کا استقبال شاید اس لیے نہیں کرسکے
#دو تہائی اکثریت کے باوجود حکومت جلسے جلوسوں سے خوفزدہ ہے، سید خورشید شاہ
شاید اس لیے کہ حکومت اس دو تہائی اکثریت کی حقیقت سے اچھی طرح آگاہ ہے
#ضرورت پڑی تو شہید ہونے کے لیے بھی تیار ہوں، ڈاکٹر قادری
آپ کی شہادت کی ضرورت کسی کو نہیں آرام سے رمضان گزاریں اعتکاف سٹی آباد کریں،عید منائیں اور واپس کینیڈا تشریف لے جائیں اور آیندہ شیخ رشید کی باتوں ،چودھری پرویز الٰہی کی ملاقاتوں سے بچیں
#پرویز مشرف بیرون ملک نہیں جاسکتے، سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرلی
حکومت آخر کتنی دیر تک کسی کو ملک میں آنے سے اور کسی کو جانے سے روکتی رہے گی
#طاہر القادری کی آمد پرحکومت کو پریشانی سے بچانے کے لیے گورنر سندھ نے کلیدی کردار ادا کیا
کچھ عرصے پہلے حکومت بھی تو ’اُن‘ کے لیے اسی قسم کا کلیدی کردار ادا کر چکی ہے
#تحریک انصاف کاکا کوئی رہنما ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال کے لیے نہیں آیا
تحریک انصاف والے اب کچھ کچھ سمجھ دار ہوتے جا رہے ہیں
#عوامی تحریک کے کارکن اسلام آبادایئر پورٹ پرشیخ رشید کی راہ تکتے رہے
راہ تکنے والے کارکنوں کو پتا نہیں کہ شیخ صاحب گیلی جگہ پاؤں نہیں رکھا کرتے
#عوام جلد حکومت کا تختہ الٹ دیں گے ، سربراہ پاکستان عوامی تحریک
اگر یہ کام عوام نے ہی کرنا ہے توپھر آپ نے کینیڈا سے آنے کی زحمت کیوں کی؟
#نواز شریف نے پہلے مشرف اور اب قادری کے طیارے کا رخ موڑا، عمران خان
اس طرح کی مثالیں پیش کرنے سے پہلے آپ شاہ محمود قریشی اور جاوید ہاشمی سے مشورہ کر لیا کریں
#کوئی ضرور ہے جو مدت سے پہلے حکومت ختم کرانا چاہتا ہے، قائد حزب اختلاف
وہ جو کوئی بھی ہے آج کل لگتا ہے کافی مصروف ہے کسی اور کام میں
#حکومت کے لیے رواں ہفتہ انتہائی اہم، نگراں سیٹ اپ آسکتا ہے، غلام مصطفی کھر
یہ تو بلی کو چھیچڑوں کے خواب والی بات لگ رہی ہے ویسے کھر صاحب ہیں تو باخبر آدمی
#وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے ہیرو ہیں ان کی مدد کی جائے، آصف زرداری
سائیں قائم علی شاہ اور شرجیل میمن صاحب کی سندھ حکومت کو بھی تو یہ بات سمجھائیں
#رانا ثناء اللہ اور ڈاکٹر توقیر شاہ کی تحقیقاتی ٹریبونل میں پیشی سے معذرت
کر لو جو کرنا ہے!
#چند نمبروں سے جواب موصول نہ ہونے پر ڈاکٹر طاہر القادری مایوس ہو گئے
یہ ’چند نمبر‘ ڈاکٹر صاحب کو شیخ رشید نے دیئے ہوں گے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :