تیر و ترکش

بدھ 12 مارچ 2014

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#پی آئی اے سے کالی بھیڑوں کو نکال باہر کیاجائے گا، صدر ممنون
تو کیا اب ن لیگ کی سفید بھیڑیں بھرتی کی جائیں گی پی آئی اے میں…؟
#مخدوم، پیر اور اقلیتی لیڈر ابھی تک تھر نہیں پہنچے
وہاں کون سے الیکشن ہو رہے ہیں؟
#نوازشریف میاں منشا کے گھر گئے دونوں نے ٹی وی پر کرکٹ میچ دیکھا
اورپاکستان میچ ہار گیا
#پنجاب کے عوام تلوار کے زور پراسلام کا فروغ نہیں چاہتے، الطاف حسین
بندوق کے زور اور ٹی ٹی کی نوک پر بھتے کا فروغ بھی نہیں چاہتے پنجاب کے عوام
#طالبان سے مذاکرات کے معاملے پر وزرا کی زبان بندی پرغورشروع
غور ہی میں وقت ضائع نہ کیا جائے
#مولانا سمیع الحق محترم ہیں کیا جواب دوں،خواجہ آصف
ایسی بات ہی نہ کریں کہ مولانا سمیع الحق کے ’احترام‘ میں پھر آپ کو چپ رہنا پڑے
#بلاول دن میں چار مرتبہ تھر کا پوچھتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ
تو آپ ایک ہی دفعہ سچ سچ کیوں نہیں بتا دیتے؟
#تھر میں بھوک نہیں بیماریوں سے43بچے جاں بحق ہوئے،شرمیلافاروقی
اس پر بھی آپ کو شرم آنی چاہیے…
#دورہ مٹھی ،بھوکوں کے سامنے سندھ کابینہ کی ملائی بوٹی تکے مچھلی اور بریانی سے تواضح، کوفتے اور چپڑی روٹیاں بھی پیش کی گئیں
تو کیا کابینہ بھی بھوک سے مرجاتی مٹھی جا کر
#پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حمایت پر بھارتی یونیورسٹیوں سے کشمیریوں و بھارتی طلبہ کے اخراج کا سلسلہ جاری
کہاں ہیں امن کی آشا کے گیت گانے والے
#کراچی میں قتل و غارت جاری ،مذہبی کارکنوں اور بے گناہ شہریوں کا قتل معمول بن گیا
لاہور میں صوفیاء کانفرنس کرنے والے کراچی میں امن قائم نہیں کرسکتے تو ایک امن کانفرنس ہی کردیں
#ڈالر100روپے کا ہو گیا مزید کمی کا امکان
لگتا ہے شیخ رشیدصاحب سے اسمبلی کی نشست خالی کرانے کا منصوبہ ہے اسحاق ڈار صاحب کا…
#چیف الیکشن کمشنر کے لیے رانا بھگوان داس کے نام پر حکومت اور اپوزیشن کا راتوں رات اتفاق
یہ راتوں رات اتفاق والے اکثر کاموں کا نتیجہ خراب ہی نکلتا ہے …چاہے فخرو بھائی سے پوچھ لیں
#افتخار چودھری نے بھی تھر پر چیف جسٹس کو خط لکھ دیا
سیاست میں آنے کی دو سالہ پابندی کا عرصہ گزارنے کا یہ طریقہ بھی اچھاہے کہ چودھری صاحب مختلف مسائل پر اعلیٰ عدلیہ کو خط لکھا کریں تاکہ ریکارڈ بنتا رہے
#چین و ترکی کے ساتھ معاہدوں سے ملکی معیشت بہتر ہوگی، وزیراعظم
دوست ملکوں کے ساتھ معاہدوں سے نہیں، ملک میں امن قائم ہونے سے معیشت بہتر ہوگی جناب!
#فوج طالبان سے مذاکرات نہیں کرے گی، کور کمانڈر کانفرنس میں فیصلہ
پہلے ہونے والے درجن سے زاید معاہدوں میں بھی تو فوج شامل تھی اب بغیر فوج کے بھی کوئی راہ نکال کر دیکھ لیں سیاسی قائدین!
#طالبان دہشت گرد گروپوں کی نشان دہی کرکے حکومت کی مدد کریں، منور حسن
جواب میں حکومت طالبان کی کیا اور کیسے مدد کرے گی یہ نہیں بتایا منور صاحب نے
#تھر میں2ماہ میں مرنے والے بچوں کی تعداد44 سے زایدنہیں، محکمہ صحت
اس لیے آپ کو کوئی پرواہ نہیں؟
#مودی مسلمانوں کا قاتل ہے وزارت عظمیٰ مل گئی تو ویزا دینے پر غور کریں گے، امریکا
حالانکہ امریکی ویزے کے لیے تو مودی کی یہ اہلیت ہی کافی ہے کہ وہ مسلمانوں کا قاتل ہے
#پاک ایران گیس منصوبہ ابھی ختم نہیں ہوا، سرتاج عزیز
ٹرک کی لال بتی کے پیچھے کب تک دوڑتے رہیں گے جناب
#شراب نوشی پر رکن قومی اسمبلی روشن جونیجو کو جہاز سے اتار دیا گیا
جمشید دستی کی باتوں میں کچھ تو حقیقت ہوگی ناں آخر
#طالبان کا مذاکراتی کمیٹی برقرار رکھنے کا فیصلہ
مولانا سمیع الحق نے آخر نئے دانت یونہی تو نہیں لگوائے ناں…

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :