تیر و ترکش

جمعرات 6 مارچ 2014

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#معاشی ترقی ہدف سے زیادہ ،مہنگائی اور حکومتی قرضے بھی بڑھ گئے، اسٹیٹ بینک
پہلی بات کی سچائی اگلی دو باتوں سے عیاں ہے
#میدان چھوڑ کر بھاگیں گے نہ ملک طالبان کے حوالے کریں گے،الطاف حسین
یہ بیان بھائی نے لندن سے خطاب کرتے ہوئے دیا جہاں وہ گزشتہ دو دہائیوں سے مقیم ہیں
#نوجوان قرضہ اسکیم سے فائدہ اٹھا کر ملکی ترقی میں ہاتھ بٹائیں، وزیر اعظم
مقروض ہاتھ ملکی ترقی میں وہی کردار ادا کریں گے جو بڑے بڑے مقروض پہلے ادا کر چکے ہیں، یعنی کھایا پیاسب ہضم
#پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں، چودھری نثار
پھر بقول جمشید دستی لاجز میں آپریشن کیوں ہوا اور ڈائریکٹر لاجز عشرت تاج وارثی کو تبدیل کیوں کیا گیا؟
#کراچی میں مستقل امن کے لیے سیاستدانوں کو آگے آنا ہوگا، چودھری شجاعت
کس سے آگے آنا ہوگا سیاستدانوں کو… دہشت گردوں سے یا ریاستی اداروں سے یہ نہیں بتایا چودھری صاحب نے عینک لگا کے
#قومی سلامتی پالیسی کا مسودہ پڑھ رہے ہیں تاکہ پتا چلے کہیں یہ عبدالرحمن ملک والی پالیسی تو نہیں، سید خورشید شاہ
دیکھ لیں اگر مسودہ انگریزی میں ہے تو پھر اس کا الزام اپنے ملک صاحب پر مت لگائیں شاہ جی
#شریف آدمی ہوں لڑنے سے گریز کرتا ہوں، وزیراعظم
غلام اسحاق مرحوم،جنرل آصف نواز مرحوم ، سید سجاد علی شاہ، جنرل جہانگیر کرامت اور جنرل پرویز مشرف سے تو لاڈیاں کرتے رہے ہیں ناں آپ
#غیر قانونی پناہ گزینوں کو برداشت نہیں کریں گے، شرجیل میمن
سنا ہے آج کل تو آپ قانونی پناہ گزینوں کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں
#جمشید دستی نے پارلیمنٹ کی ٹیوب ہی پھاڑ دی،لیاقت بلوچ
کوئی مسئلہ نہیں آج کل حکومت کو پنکچر کے ماہرین وافر مقدار میں دستیاب ہیں جوپارلیمانی ٹیوب کو عمدگی سے پنکچر لگا سکتے ہیں لوڈشیڈنگ کے باوجود
#چودھری نثار سے عمران خان کی ملاقات
آخرچودھری صاحب نے منا ہی لیا کپتان خان کو
#لاپتا افراد کا مسئلہ اقوام متحدہ ایک ماہ میں حل کرا دے گا، ماما عبدالقدیر بلوچ
جیسے اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر حل کرا دیا ناں؟ماما اب ماموں نہ بنیں
#پاکستان کا آئین سو فیصد اسلامی نہیں، حافظ عاکف سعید
آئین میں جتنا اسلام ہے وہ نافذ ہو جائے تو شاید پھر آئین سو فیصد اسلامی ہو ہی جائے گا
#جامع آپریشن ہی دہشت گردی کا حل ہے، صاحبزادہ حامد رضا
کبھی اپینڈکس کا آپریشن کرایاہے آپ نے؟
#ضرورت پڑی تو میں رکشا بھی چلاؤں گا، راہول گاندھی
اروند کچری وال جیسے ایک دو اور میدان میں آگئے تو آپ کو اس بیان پر عمل کرا ہی دیں گے وہ
#اسلحہ اسکینڈل میں کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا، امیر حیدر خان ہوتی
یعنی اتنا پکا کام کیا ہے آپ نے!
#آیندہ موسم سرما میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، وزیراعظم
آپ کیا سمجھتے ہیں لوگ یہ بیان بھول جائیں گے؟
#گرمیوں میں اٹھارہ گھنٹے نہیں چھ گھنٹے لوڈشیدنگ ہوگی، عابد شیر علی
گرمیوں میں یہ چھ گھنٹے اٹھارہ ہونے میں دیر نہیں لگے گی تب آپ کہیں گے،گرمیوں میں ہر چیز پھیلتی ہے اس لیے فروری میں دیئے گئے بیان کے چھ گھنٹے جون جولائی میں آٹھ گھنٹے ہوگئے
#جمشید دستی نے پارلیمنٹ لاجز میں رنگ رلیوں کے مبینہ ثبوت اسپیکر کو دے دیئے
اب کر لو جو کرنا ہے پارلیمانی بچے جموروں کا
#افغان جنگ ہماری نہیں امریکی مفادات کے لیے ہے، کرزئی
دوسری صدارتی مدت پوری کرنے کے بعد آپ کو تو اس حقیقت کا پتا چل ہی گیا ہمارے توسابقین کو ابھی تک پتا نہیں چلا
#الطاف حسین اور ڈاکٹر طاہر القادری کے درمیان فون پر رابطہ
ایک طرف علامہ طاہر اشرفی دوسری طرف علامہ طاہر القادری درمیان میں الطاف بھائی… واہ’وسیع المشربی‘ ہو تو ایسی

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :