انشاء اللہ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان بھر میں کامیابی حاصل کریگی ،ْجام کمال خان

مخالفین کان کھول کر سن لیں ہم نے نہ کبھی پیسوں اور بلیک میلنگ کی سیاست کی اور نہ ہی پیسوں کی سیاست کرنے والوں کے دباو میں آئیں گے ، مرکزی صدر بلوچستان عوامی پارٹی

منگل 19 جون 2018 18:44

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیر مملکت جام کمال خان نے کہا ہے کہ انشاء اللہ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان بھر میں کامیابی حاصل کرے گی اور مخالفین کان کھول کر سن لیں ہم نے نہ کبھی پیسوں اور بلیک میلنگ کی سیاست کی اور نہ ہی پیسوں کی سیاست کرنے والوں کے دباو میں آئیں گے ،ہمارا لسبیلہ کے لوگوں کیساتھ ووٹ کا نہیں بلکہ محبت اور عزت کا رشتہ ہے۔

ضلع لسبیلہ ملک بھر کا واحد ضلع ہے جو قدرتی وسائل اور نعمتوں سے مالا مال ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاوس اوتھل میں عید ملن پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ ہمارا لسبیلہ کے لوگوں کیساتھ ووٹ کا نہیں بلکہ محبت و عزت کا صدیوں پرانا رشتہ ہے جو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی ،انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان کو ہمیشہ اعزازات حاصل ہیں پورے صوبہ کی نئی بننے والی BAPپارٹی کا سربراہ بننے کا بھی اعزاز ہمیں حاصل ہوا ہے جو لسبیلہ کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں ،ضلع لسبیلہ پورے ملک کا واحد ضلع ہے جو قدرتی وسائل اور نعمتوں سے مالا مال ہے اللہ پاک نے لسبیلہ کو تمام قدرتی نعمتوں سے نوازا ہے ہمیں اللہ پاک کی ان نعمتوں کی قدر کرنی چاہیئے ،انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ وہ ایک پر امن ضلع ہے ہماری یہ کوشش ہے کہ BAP پارٹی کے پلیٹ فارم سے پورے صوبہ بلوچستان کو امن و محبت کا گہوارا بنائیں ،انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کی ترقی کیلئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جس کیلئے ہمیں انفرادی کاموں کے بجائے اجتماعی کاموں پر توجہ دینی ہوگی،انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم یا معاشرہ ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتی ،لیذا ہمیں اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینی ہوگی تقریب سے سابق صوبائی وزیر و BAPرہنما پرنس احمد علی بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لسبیلہ کے لوگوں کو سبز باغ دکھانے والوں کو سوائے شکست کہ کچھ حاصل نہیں ہوگا جام خاندان کو قیام پاکستان سے لیکر آج تک اعزاز ات حاصل ہیں۔

(جاری ہے)

جام کمال خان کی بلوچستان عوامی پارٹی کی سربراہی کسی اعزاز سے کم نہیں ہے ،جو صرف ہمارے لیئے ہی نہیں بلکہ پورے لسبیلہ کے لوگوں کیلئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے انہوں نے کہا کہ جام کمال خان نے مجھے جو ذمہ داری سونپی تھی اللہ پاک کے فضل سے وہ میں نے پوری کی تقریب سے ٹرائبل چیف سردار غلام فاروق شیخ،سردار عبدالرشید پھورائی ،سردار کامران لاسی ،سردار اسلم جاموٹ ،سردار عبدالمجید گنگو،محمد انور رونجھو،ڈاکٹر دھرم پال لاسی ،ڈاکٹر تولا رام لاسی ،ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی ،ستار احمد عاربانی ،کامریڈ ولی محمد جاموٹ،کامریڈ عبدالرشید جاموٹ،ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

قبل اذیں بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال خان کو سینکڑوں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے جلوس میں سرکٹ ہاوس اوتھل لایا گیا۔اس موقع پر چیئرمین مونسپل کمیٹی اوتھل سردار رسول بخش برہ کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

تھل میں شائع ہونے والی مزید خبریں