محکمہ صحت بلوچستان میں ملازمتوں کیلئے لاکھوں روپے بٹورنے کا سلسلہ تاحال جاری

جمعرات 3 مئی 2018 23:53

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) محکمہ صحت بلوچستان میں ملازمتوں کے لئے لاکھوں روپے بٹورنے کا سلسلہ تاحال جاری ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ کے سپرنٹنڈنٹ عطاء لانگو نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت میں 2 سال قبل محکمہ صحت بلوچستان میں انٹرویو میں پاس ہونے والے امیدواروں کے نام نکال کر اپنے من پسند امیدواروں سے لاکھوں روپے وصول کر کے لسٹ میں شامل کیا گیا اور گزشتہ دو ماہ سے مسلسل تعیناتی کے فرداًً فرداًً رشوت لے کر آرڈر جاری کیے گئے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے اور امیدواروں سے لاکھوں روپے بٹورے جا رہے ہیں اور امیدواروں سے پرانی تاریخوں میں حاضری رپورٹ لیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس گھنائونے کاروبار میں پیرا میڈیکل اسٹاف اور محکمہ صحت کے اہلکاراہم رول ادا کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پیرا میڈیکل کے عہدیداروں نے ہوشیاری سے کام لئے ہوئے عوامی منتخب نمائندوں سے سفارشی لیٹر لے کر اور ڈائریکٹر ہیلتھ آفس کے سپرنٹنڈنٹ سے ملی بھگت کر کے رشوت دے کر اپنے رشتہ داروں کو تعینات کرایا اور اس بہتی ہوئی گنگا سے عوامی نمائندوں کے کارندوں نے اچھی طرح ہاتھ صاف کر کے اپنے رشتہ داروں اور لوگوں سے لاکھوں روپے بٹورنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اس کے علاوہ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایسے امیدواروں سے لاکھوں روپے رشوت لے کر تعینات کیا جارہا ہے جنہوں نے محکمہ صحت میں کوئی درخوست بھی جمع نہیں کرائی تھی اور نا ہی کسی انٹرویو میں بھی شامل نہیں تھے ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے آفس سپرنٹنڈنٹ 25سال سے اسی سیٹ پر تعینات ہیں اور موصوف کی کئی بار ترقی بھی ہوئی ہے لیکن موصوف اس سیٹ کو چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ۔ ذارئع نے یہ بھی بتایا ہے کہ سعید بلوچ نامی شخص کے اس سیٹ پر آرڈر ز ہو ئے ہیں لیکن موصوف چارج چھوڑنے کو تیار نہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ سپرنٹنڈنٹ کو محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کی آشرباد حاصل ہے کہ حکومتی احکامات کی بھی کوئی پرواہ نہیں کرتے ۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جن امیدواروں کو نظر انداز کر کے لاکھوں روپے بٹورنے کے بعد میرٹ کی دھجیان اڑا کر تعیناتیاں کیے جانے کے خلاف عدالتوں سے رجوع کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔ عوامی حلقوں نے ڈائریکٹر احتساب وزیر اعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ صحت میں کالہ بھیڑیوں کے خلاف تحقیقات کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور میرٹ پر آنے والے امیدواروں کو ان کا حق دلایا جائے اور غیر قانونی تعیناتیوں کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔

تھل میں شائع ہونے والی مزید خبریں