بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کاروائی کے لیے مجسٹریٹ کی سربراہی میں ٹیم کوئٹہ سے سبی پہنچ گئی

درجنوں کنکشن اتار لیئے گئے،لاکھوں روپے کی ریکوری و بھاری جرمانے

جمعہ 13 مئی 2016 19:59

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء ) بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کاروائی کے لیے مجسٹریٹ کی سربراہی میں ٹیم کوئٹہ سے سبی پہنچ گئی،درجنوں کنکشن اتار لیئے گئے،لاکھوں روپے کی ریکوری و بھاری جرمانے،بجلی چوروں نے مجسٹریٹ کا سنتے ہی بعض کنکشن خوداتار لیئے ،لوڈ شیڈنگ اور توانائی کے بحران سے بچنے کے لیے بجلی چوری کا خاتمہ ناگزیر ہے مجسٹریٹ میر امام داد بگٹی،تفصیلات کے مطابق سبی میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلا ف کاروائی کے لیے مجسٹریٹ امام داد بگٹی کی سربراہی میں ٹیم کوئٹہ سے سبی پہنچ گئی ہے ،بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں کیسکو سبی کے ایس ڈی او مجتبیٰ رند،لائن سپرٹنڈنٹ محمد بخش ہاڑہ،شاہدامان گشکوری،محمد بخش بلوچ ،سلطان ابڑو و دیگر نے مجسٹریٹ میر امام داد بگٹی کی سربراہی میں درجنوں غیر قانونی کنکشن اتار لیے جبکہ بجلی چوروں اور نادہندگان کو گرفتار کرکے انہیں سٹی تھانے کی ہوا بھی کھلائی گئی جہاں پر ان پر بھاری جرمانے عائد کرنے اور بقایاجات کی ادائیگی کے بعد رہا کیا گیا ،مجسٹریٹ کی سربراہی میں ٹیم کا سنتے ہی بعض بجلی چوروں نے از خود اپنے کنکشن اتارلیئے،اس موقع پر مجسٹریٹ میر امام داد بگٹی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چور قومی مجرم ہیں جنہیں معاف کرنا عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہو گا انہوں نے کہا کہ کاروائی کے دوران ہم نے لاکھوں روپے کے بقایات جات بھی وصول کرلیے ہیں جبکہ غیر قانونی کنکشن لگانے والوں کو بھی بھاری جرمانے عائد کیئے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود توانائی کے بحران سے نبردآزما ہونے کے لیے بجلی کی چوری کے خاتمہ کو یقینی بنانا ہوگا انہوں نے کہا کہ صارفین کو چاہیے کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی کریں جبکہ اپنے ذمہ واجب الادا بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بناکر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

متعلقہ عنوان :

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں