راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس پر راکٹ حملہ،1 شخص جاں بحق،8 مسافر زخمی

منگل 5 اپریل 2016 12:51

سبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 اپریل۔2016ء) بالا ناڑی کے قریب جعفر ایکسپریس پر راکٹ حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 8 مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جعفر ایکسپریس راولپنڈی سے کوئٹہ جارہی تھی کہ سبی کے علاقے بالا ناڑی کے قریب نامعلوم دہشتگردوں نے ٹرین کی بوگی نمبر تین کو نشانہ بنایا۔ راکٹ لگنے سے بوگی میں موجود 4 سے 8افراد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جعفر ایکسپریس پر 3 راکٹ فائر کیے گئے ہیں جن میں سے ایک ٹرین کی بوگی نمبر 3 کو لگا ہے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم سمت سے آنے والے راکٹ سے جعفر ایکسپریس کی بوگی نمبر 3 کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے بوگی میں موجود 1 شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ راکٹ حملے کے بعد لیویز ، ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

راکٹ حملے کے بعد امدادی کارروائیوں کے دوران 8 زخمیوں اور ایک جاں بحق شخص کی لاش کو ٹرین سے نکالا جاچکا ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زخمیوں کو سبی کے سول ہسپتال منتقل کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ جعفر ایکسپریس پر حملے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں