علامہ غلام رسول سعیدی اپنے دور کے عظیم مفسر ، محدث اور فقیہ تھے، اسلام کیلئے ہر میدان میں گرانقدر خدمات انجام دیں،ضیاء الامت فاوٴنڈیشن بلوچستان

ہفتہ 13 فروری 2016 22:25

سبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 فروری۔2016ء) ضیاء الامت فاوٴنڈیشن بلوچستان کے سرپرست پروفیسر محمد حسین سومرو، صوبائی صدر پروفیسر منظور احمد سومرو، اراکین پروفیسر حافظ محمد طاہر، علامہ مہر اللہ نظامی ، سید فیاض علی شاہ نے اہلسنت کے عظیم سکالر شیخ الحدیث علامہ غلام رسول سعیدی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ غلام رسول سعیدی اپنے دور کے عظیم مفسر ، محدث اور فقیہ تھے۔

انہوں نے اسلام کیلئے ہر میدان میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔ ان کی کتب امت مسلمہ کیلئے عظیم علمی سرمایہ ہے۔ ان کی تفسیر تبیان القرآن قرآنی علوم کے ایک انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتی ہے، جس میں آیات قرآنی کی مفصل وضاحت کے ساتھ کئی مسائل کا ذکر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حدیث کی دو عظیم کتابوں کی مفصل شرح بھی لکھی۔جو علوم حدیث کا خزانہ ہے۔

عوام ان سے ہمیشہ فیضیا ب ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے ایک طویل عرصہ جامعہ نعیمیہ کراچی میں شیخ الحدیث کی حیثیت سے تدریسی خدمات انجام دیں ، ان کے سینکڑوں شاگرد معاشرے میں دین اسلام کی خدمت کر رہے ہیں۔ اراکین فاوٴنڈیشن نے علامہ غلام رسول سعیدی کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں اعلیٰ مقامات عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں