لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے ۔ ذاکر ناصر

عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔اسسٹنٹ کمشنر سبی کی صحافیوں کے وفد سے گفتگو

اتوار 13 دسمبر 2015 18:05

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 دسمبر۔2015ء)اسسٹنٹ کمشنر سبی ذاکر ناصر نے کہا کہ لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے ،لیویز فورس کے جوانوں کو پاک فوج کی تربیت کے بعد لیویز فورس کی کارکردگی میں نکھار پیدا ہو گا،تلی اورمل روڈ پر لیویز فورس کی پانچ نئی چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،بی ایریا میں قبائلی لوگوں اور لیویز فورس کے درمیان ہم آہنگی موجود ہے،جرائم کا ریشیو نہ ہونے کے برابر ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی پریس کلب کے سرپرست اعلیٰ میر سلیم گشکوری کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں کے وفد سے بات چیت میں کیا ،اس موقع پر رسالدار لیویز میر محمد عارف مری،رحمت اللہ سومرو،افضال رضا،میاں یوسف،جمال انس،وسیم گشکوری ودیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ لیویز فورس کو موجودہ تقاضوں کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ لیویز فورس کا مورال بلند ہوسکے ،انہوں نے کہا کہ لیویز فورس کے جوانوں کو پاک فوج کی جانب سے دی جانے والی تربیت سے لیویز فورس کی کارکردگی میں نکھار پیدا ہوگا اور لیویز اہلکار خود ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت کے حامل ہو گی انہوں نے کہا کہ سبی کے بی ایریا میں امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے لیویز فورس کے جوانوں کے گشت سمیت چیک پوسٹوں پر ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ مل روڈ اور تلی روڈ پر مزید پانچ نئی چیک پوسٹیں بھی قائم کردی گئی ہیں اور تمام چیک پوسٹوں کو جدید وائرلیس سیٹ سمیت اسلحہ سے لیس کردیا گیا ہے اس کے علاوہ چیک پوسٹوں پر شمسی توانائی کے پلانٹ لگا کر بجلی کی کمی کو بھی پورا کیا گیا ہے تاکہ لیویز اہلکار سہولیات سے لیس ہوکر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنا سکیں انہوں نے کہا کہ بی ایریا میں لیویز فورس انتہائی خوش اسلوبی اور مستعد ہوکر اپنے فرائض انجام دئے رہی ہے اور بی ایریا کے قبائلی لوگوں اور عمائدین کے درمیان ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے علاقے کو امن کا گہوارہ بنا دیا گیا ۔

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں