قومی شاہراہ پر چھکڑا کے مقام سے پندرہ روزقبل اغواء ہونے والے دوٹرک ڈرائیورز کو سبی لیویز فورس نے بازیاب کرالیا

مغوی ڈرائیوروں کو نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے تاوان کے لیے اغواء کیا تھا،ڈپٹی کمشنر سبی سہیل الرحمن بلوچ

بدھ 15 جولائی 2015 18:30

سبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جولائی۔2015ء )ڈپٹی کمشنر سبی سہیل الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ قومی شاہراہ پر چھکڑا کے مقام سے پندرہ روزقبل اغواء ہونے والے دوٹرک ڈرائیورز کو سبی لیویز فورس نے بازیاب کرالیا،مغوی ڈرائیوروں کو نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے تاوان کے لیے اغواء کیا تھا،مغوی ٹرک ڈرائیوروں کو ضلع جھل مگسی کے جنگل سے بازیاب کریا گیا،ٹرانسپورٹروں سمیت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے بازیاب ہونے والے ٹرک ڈرائیوروں کے ہمراہ میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت میں کیا اس موقع پر تحصیلدار لہڑی ملک بہادرخان بنگلزئی،اسسٹنٹ کمشنر سبی ذاکر ناصر کے علاوہ مغویوں کے ورثاء اور ٹرانسپورٹروں کے نمائندئے بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ 28جون کو قومی شاہراہ پر چھکڑا کے مقام سے نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر دو ٹرک ڈرائیوروں استاد امیراحمد اورعبدالحمید کو اغواء کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے تھے جن کی بازیابی کے لیے تحصیلدار لہڑی ملک بہادر خان بنگلزئی کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی جبکہ علاقے کے قبائلی عمائدین کے تعاون کے بعدضلع جھل مگسی کے جنگل سے مغوی ٹرک ڈرائیوروں کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد بازیاب کرالیا گیا ہے جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران نامعلوم ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے ،انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کی شناخت ہو گئی ہے جنہیں جلد از جلدگرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ مغوی ڈرائیوروں کے بازیابی کے لیے نامعلوم ڈاکوؤں کی جانب سے رقم کا مطالبہ کیا جارہا تھا انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹروں سمیت عوام کے جان ومال کے تحفظ کویقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل برؤئے کار لائے گی جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے قلع قمع کے لیے لیویزفورس قبائلی عمائدین ومعتبرین کے تعاون سے کوشاں ہے ۔

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں