صارفین کو بجلی کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائی جائیگی،لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کردی گئی ہے، ڈائریکٹر کیسکو

جمعرات 14 مئی 2015 22:32

سبی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء ) ڈائریکٹر کیسکو بلوچستان حاجی احمد حسین لہڑی نے کہا ہے کہ صارفین کو بجلی کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائی جائیگی،لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کردی گئی ہے،سبی میں وولٹیج کی کمی کو پورا کرنے کے لیے آٹھ نئے ٹرانسفارمرز مہیا کردیئے گئے ہیں،5ہزار700صارفین کے ذمہ سوادوکروڑ روپے کے بقایاجات ہیں،صارفین بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی ہال سبی میں چیئرمین میونسپل کمیٹی حاجی داؤد رند کی سربراہی میں میونسپل کمیٹی کے کونسلران ،عوامی نمائندوں ،تاجر برادری،ہندو پنچائیت سے کھلی کچہری میں بات چیت کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ کیسکو اپنے صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے سخت سردی ہو یا پھر شدید گرمی کیسکو اہلکار صارفین کے گھروں کو روشن رکھنے اور ان تک بجلی کی سہولت پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑرہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیسکو کی کارکردگی میں بہتری واجبات کی ادائیگی ہی سے ممکن بنائی جاسکتی ہے اور اس ضمن مین سبی کے صارفین کا دیگر علاقوں کی نسبت کیسکو کے ساتھ رویہ انتہائی شائستہ اور دوستانہ ہے جبکہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے عوام اپنے ذمہ واجب الادہ بجلی کے بلز ادا کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت سبی کے 5ہزار700صارفین کے ذمہ سوادو کروڑ روپے کیسکو کے واجبات ہیں جس کی وصولی کے لیے منتخب عوامی نمائندوں،تاجر برادری،ہندو پنچائیت اور سول سوسائٹی کا تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ میں ماضی کی نسبت کمی لائی گئی اور شہری علاقوں میں آٹھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں دس گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ وولٹیج کی کمی کو پورا کرنے کے لیے سبی میں نئے آٹھ ٹرانسفارمرز فراہم کردیئے گئے ہیں جبکہ ایمر جنسی ٹرانسفارمرز بھی جلد فراہم کیئے جائیں گے،کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے چیئرمین حاجی داؤد رند نے کہا کہ کیسکو ہمارا قومی ادارہ ہے جس کی ترقی واستحکام کے لیے عوامی نمائندئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ کیسکو کو مالی بحران سے بچانے کے لیے بقایات جات کی وصولی کے لیے میونسپل کمیٹی کے کونسلران اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ ہم اپنے قومی ادارے کو غیر مستحکم ہونے سے بچا سکیں،دریں اثناء کھلی کچہری میں کونسلران ،عوامی نمائندوں اور صارفین نے درپیش مسائل سے ڈائریکٹر کیسکو بلوچستان کو تفصیلاً آگاہ کیاجس کے حل کی انہیں مکمل یقین دہانی کرائی گئی۔

متعلقہ عنوان :

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں