سبی میں امن وامان برقراررکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ، ڈپٹی کمشنر سبی

پیر 29 ستمبر 2014 17:38

سبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) ڈپٹی کمشنر سبی سہیل الرحمن بلوچ نے کہا کہ سبی میں امن وامان برقراررکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے قبائلی معتبرین، تاجر برادری سول سوسائٹی اور شہری قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں،مشکوک اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کرکے ان کی سرکوبی کی جائے،بس اڈے ،مارکیٹ اور بازار میں ممکنہ تخریب کاری سے بچنے کے لیے تجاوزات کو جلد ہٹایا جائے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو بڑھایا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،ان خیالات کا اظہارانہوں نے امن وامان کے سلسلے میں منعقدہ اعلیٰ ضلعی سطحیٰ اجلاس سے خطاب میں کیا،اجلاس میں ڈی پی او سبی سردارزادہ انور کھیتران،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سیدریاض عباس شاہ،اسسٹنٹ کمشنر سبی میر شفقت انور شاہوانی،اسسٹنٹ کمشنر لہڑی محمد اختر کاکڑ، تحصیلدار سبی میر رحمت اللہ گشکوری، نائب تحصیلدار نصیر ترین،راجہ افتخا ر کیانی،ڈسٹرکٹ چیئرمین زاکواة وعشر کمیٹی سردار محمد خان خجک،ٹریفک سارجنٹ لشکران خان گشکوری، سابق تحصیل ناظم میر اصغر مری ایڈوکیٹ،جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا عطااللہ بنگلزئی ،جماعت اسلامی کے امیر میر مظفرنذر ابڑو، ممبرڈسٹرکٹ کونسل میر محمد خان چانڈیو،انجمن تاجران کے صدر میر طارق حمید بنگلزئی،کونسلر سیٹھ سیوارام،جے رام داس،میر اسلم رند،ضلعی صدر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ملک ساجد بنگلزئی، سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سہیل الرحمن بلوچ نے چاکر روڈ پر ہونے والے بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی انہوں نے کہا کہ تاجر برادری،ٹرانسپوٹرز ،سول سوسائٹی کے ساتھ کوآرڈینیشن کو بڑھاتے ہوئے امن وامان کی فضاء کو قائم رکھا جاسکتا ہے اور بازار میں کاروبار کرنے والا ہر دکاندار مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں جبکہ شہر میں ناجائز تجاوزات کی بھر مار کی وجہ اور بے ہنگم ٹریفک اور پارکنگ کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ تخریب کار عناصر بے ہنگم پارکنگ اور رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سبی کواحکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر سے تمام تجاوزات کو ہٹا نے کے لیے فوری ایکشن لیا جائے اور کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے،تجاوزات کے خاتمہ کے بعد تخریب کاری جیسے منصوبوں پر قابو پایا جاسکے گا،انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور لیویز فورس کے گشت میں مزید تیزی لائی جائے جبکہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو سخت کرتے ہوئے ہر مشکوک شخص پر نظر رکھی جائے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے اہم گنجان آبادی والے علاقے الہ آباد روڈ،غریب آباد،لونی روڈ پر پولیس کے گشت میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ بغیر دستاویزات کی موٹرسائیکلوں ،رکشہ اور گاڑیوں کے مالکان کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اس کے علاوہ ہر شہری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنا قومی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اپنے پاس رکھیں تاکہ کسی بھی وقت چیکنگ کے دوران شہریوں کو دقت کا سامنا نہ کرنا پڑئے۔

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں