سبی ٹرین دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 17 میں سے آٹھ افراد کا تعلق ایک ہندو خاندان سے تھا

ہفتہ 12 اپریل 2014 16:10

سبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12اپریل 2014ء)سبی کے ریلوے سٹیشن پر آٹھ اپریل کو ٹرین دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 17 میں سے آٹھ افراد کا تعلق ایک ہندو خاندان سے تھا ، متاثرہ خاندان کو لاشوں کے حصول میں اذیت ناک صورت حال سے گزرنا پڑ رہا ہے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بد قسمت خاندان کا تعلق بلوچستان کے علاقے نوشکی سے ہے جس کے بعض افراد وقوع کے روز ایک مذہبی رسم کی ادائیگی کیلئے سندھ کے شہر شکار پور جا رہے تھے۔

بعض شواہد کے باوجود یہ ہندو خاندان تاحال اپنے پیاروں کی لاشیں حاصل نہیں کر سکا۔ سول ہسپتال کوئٹہ کے میڈیکل لیگل آفیسر ڈاکٹر علی مردان نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عام طور پر بم دھماکے کے بعد جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے جسموں پر بم کے ٹکڑے لگنے سے جو نشان ہوتے ہیں وہ ان 12 لاشوں پر نہیں تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر علی مردان نے بتایا کہ مزید تین لاشوں کی شناخت کے بعد اب سول ہسپتال کوئٹہ میں نو لاشیں پڑی ہیں جن میں سے آٹھ کا تعلق ایک ہندو خاندان سے ہے۔

آٹھ اپریل کو سبی کے ریلوے سٹیشن پر ٹرین دھماکے میں جاں بحق ہونے والے زیادہ تر لوگ بم دھماکے بعد بوگی میں لگنے والی آگ کے باعث جھلسنے سے جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔خیال رہے کہ ہندو اپنے مردوں کو جلاتے ہیں جس کے باعث یہ خدشہ ہے کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے نتائج سے قبل کسی مسلمان کی لاش ان کے پاس نہ چلی جائے جو بعد میں کسی تنازع کا باعث بنے اور اسی وجہ سے یہ لاشیں متاثرہ خاندان کے حوالے نہیں کی گئیں۔

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں