سبی کے قریبی علاقوں میں آپریشن کے دوران خواتین و بچوں سمیت 16 افراد ہلاک کر دئیے گئے،مری اتحاد کا دعویٰ،آپریشن کے بارے میں کوئی اطلاعات نہیں، ترجمان صوبائی حکومت

جمعہ 19 جنوری 2007 21:06

کوئٹہ+ سبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جنوری۔2007ء) بلوچستان کے مری قبائل کے اتحاد نے دعویٰ کیاہے کہ سبی کے قریبی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا ہے جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 21زخمی ہو گئے ہیں ۔ اور ان میں زیادہ تر تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ جبکہ آپریشن کے دوران 20 افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ مری اتحاد کے ترجمان اللہ بخش مری نے نامعلوم مقام سے صحافیوں کو ٹیلی فون کر کے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مبینہ طور پر گزشتہ روز سبی میں بہت بڑا آپریشن کیا ہے جس میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 7 خواتین 5 بچے اور دیگر مرد جبکہ زخمیوں میں 8 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ آپریشن سبی سے 20 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع علاقوں جان لڑی ،پیر محمد ،کاشا ،سانگان ،پیر دیار ،لاکی بادرا کے علاقوں میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

مقامی آبادی اس بات کی گواہ ہے ۔ اللہ بخش مری نے دعویٰ کیا کہ اس آپریشن میں مبینہ طور پر لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹر استعمال کئے گئے جبکہ اس سلسلے میں جب صوبائی حکومت کے ترجمان رزاق بگٹی کو فون کیا گیا اور پوچھا گیا کہ مری اتحاد کی طرف سے کئے گئے اس دعویٰ میں کسی حد تک سچائی ہے تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس سلسلے میں کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں