ساہیوال، گیس سلنڈر پھٹنے سے پانچ افراد بری طرح جھلس گئے، تین کی حالت نازک

پیر 19 دسمبر 2016 21:21

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 دسمبر2016ء) عارف والا موڑ بائی پاس ساہیوال پر ایلومنیم گیس سلنڈر پھٹنے سے پانچ افراد جھلس گئے جن میں تین افراد کی حالت تشویش ناک ہے ۔

(جاری ہے)

واقعات کے مطابق بائی پاس پر دودھ کے چلر سے ایلومنیم سلنڈر کے ذریعے ویلڈنگ کرکے مرمت کی جار ہی تھی کہ اچانک سلنڈر ایک زور دھماکہ سے پھٹ گیااور دھماکہ کی آواز دور ، دور تک سنی گئی دھماکہ کے نتیجہ میں پانچ مزدور بری طرح جھلس گئے جن میں دو بھائی عبداللہ تیس سالہ اورارسلان اٹھارہ سالہ کے علاوہ عبدالشکور پچاس سالہ ، سرفراز اٹھارہ سالہ اور عثمان غنی 35سالہ شامل ہیں جن میں عثمان غنی ، عبدالشکور اور عبداللہ کی حالت نازک ہے ۔

جھلس جانے والے محنت کشوںکا تعلق گلشن علیہا ئوسنگ کالونی اور چک 9-134ایل سے ہیں ۔جھلس جانے والے افراد کو سول ہسپتال ساہیوال داخل کرا دیا گیا ہے۔ پولیس غلہ منڈی نے موقعہ پر پہنچ کر دھماکہ کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے شہری دفاع کا سکواڈ بھی موقعہ پر پہنچ گیا اور تحقیقات جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں