قوموں کی ترقی تعلیم اورجذبہ خدمت سے ماپی جاتی ہے، ڈاکٹر فرخ جاوید

پیر 5 دسمبر 2016 19:52

ساہیوال۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی تعلیم اورجذبہ خدمت سے ماپی جاتی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والے ادارے اور افراد مل کر قوم کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت میں اپنا کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال کے مضافاتی قصبوں ہڑپہ کے 101/6-Rاور یوسف والا کے قریب نور شاہ روڈ پر بروکلن سکولوں کے معائنے کے دوران ان اداروں میں زیر تعلیم بچوں‘ زیو ر تعلیم سے آراستہ کرنے والی خواتین اساتذہ اور محکمے کے افسران‘عملے اور عمائدین علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقی کی دور میں پیچھے رہ جانے والے ان بچوں کو قومی دھارے میں شریک کرنے کے لئے اپنی بھر پور صلاحیتوں کا استعمال کریں گے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں اگرچہ پنجاب میں شرح تعلیم کافی بہتر ہے لیکن اس ملک کو قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر کے مطابق آگے لے جانے کے لئے ہمیں ابھی مزید اپنی قوم کو علم کے نور سے منور کرنا ہو گا۔صوبائی وزیر نے معائنہ کئے جانے والے تمام سکولوں کی خواتین ٹیچرز کو اپنی طرف سے شالیں اوڑھوا کر اس عہد کو دوہرایا کہ وہ ایسے جذبہ حب وطنی سے سر شار اساتذہ کو نہ صرف عزت و احترام بلکہ بہتر تنخواہوں سے نوازیں گے۔

اس موقع پر پروجیکٹ کو آرڈینیٹر اویس رضا‘فیلڈ آفیسر رانا فقیر حسین رضوانی ‘نعمان لیاقت‘سرفراز کاٹھیا ‘محمد سعید اور فرحان کے علاوہ نمبردار احسن سرور خاں‘روٹری انٹرنیشنل کے سلطان محمود اور علم ٹرسٹ کے حکیم محمود بھی موجود تھے ۔بعد ازاں صوبائی وزیر اوکاڑہ کے دورے پر روانہ ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں