ساہیوال ،ٹریفک حادثات، ماں بیٹی سمیت چار جاں بحق ، تین شدید زخمی

ہفتہ 19 نومبر 2016 21:10

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2016ء) آج یہاں ٹریفک کے حادثات میں ماں بیٹی سمیت چار افراد ہلاک اور تین شدید زخمی ہو گئے۔ مرنے والے تین کمسن بچے ہیں ۔ یوسف والا نور شاہ روڈ پر چک 4-69آر کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل نمبر 8384ایس ایل ایم خراب کھڑی ٹریکٹر کی ٹرالی سے ٹکرانے کے نتیجہ میں ماں بیٹی کلثوم 25سالہ اور 3سالہ نمرہ موقعہ پر جاں بحق جبکہ کلثوم کا بھائی مزمل 20سالہ شدید زخمی ہوگیا جسے فور ی طور پر سول ہسپتال ساہیوال لایا گیا تاہم مزمل حالت نازک ہے اور اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرا دیا گیا ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ چک 5-65ایل کا یہ خاندان موٹر سائیکل پر نور شاہ جا رہا تھا کہ ایک کار کو اورٹیک کرتے ہوئے آگے کھڑی ٹریکڑ ٹرالی سے موٹر سائیکل جا ٹکرائی ۔

(جاری ہے)

ساہیوال اولڈ ہڑپہ روڈ پر چک 6-94آر کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل سے گر کر 8سالہ بچہ بلال جاں بحق جبکہ اسکا باپ ظفر شدید زخمی ہوگیا۔ دونوں باپ بیٹا موٹر سائیکل پر اپنے چک 6-96آر جا رہے تھے کہ موٹرسائیکل جمپ سے پھسل کر گر گیا جس سے دونوں زخمی ہو گئے دونوں کو سول ہسپتال ساہیوال لا یا گیا جہاں بلال چل بسا ۔

جبکہ ایک اور حادثہ ساہیوال عارف والا روڈ پر چک 9-114ایل کے قریب ہوا یہاں دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرانے کے نتیجہ میں ایک ڈیڑھ سالہ بچی انشاء جاں بحق اور اسکا باپ بشیر احمد شدید زخمی ہوگیا دونوں عارف والا جا رہے تھے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں