ڈاکٹرز دکھی انسانیت کی خدمت کے عظیم تر کام کو نیک نیتی کے ساتھ کرتے رہیں٬کمشنر ساہیوال

پیر 24 اکتوبر 2016 17:48

ساہیوال۔24 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء)ڈاکٹرزدکھی انسانیت کے مسیحا ہیں ٬ان کی ذرا سی توجہ سے مریضوں کو جلد صحتیابی ملتی ہے۔اس شعبے سے وابستہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ انسانی خدمت کے عظیم تر کام کو نیک نیتی کے ساتھ کرتے رہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے ساہیوال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین تنویر کو فزیالوجی میں ڈاکٹریت کی ڈگری ملنے پر تہنیتی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیاجس میں ساہیوال میڈیکل کالج کے بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئر مین شیخ محمد یونس سمیت کالج کی تمام فکلیٹیز کے سینئر ممبرز اور ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے ایم ایس شریک تھے۔

کمشنر نے اپنی گفتگو میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ متذکرہ ادارے سے وابستہ ماہر ین اپنے اپنے شعبوں میں مقام کمال رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین تنویر کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع کی کہ وہ اپنے علم و فن سے نوجوان ڈاکٹروں کی بہترین تربیت کریں گے ۔انتظامی بورڈ کے چیئر مین شیخ محمد یونس نے انکشاف کیا کہ بہت جلد ساہیوال میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کا کام شروع کر دیا جائے گا جس کیلئے جملہ انتظامات تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔

قبل ازیں کمشنر ساہیوال نے ایک ہی دن میں دو مرتبہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں اور لواحقین کے دستیاب سہولتوں کے بارے میں معلومات لے کر ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے منصب کا خیال کرتے ہوئے نادار اور دکھی انسانوں کی بھر پور خدمت کریں۔اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ایو ب قاضی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں