ساہیوال ،ٹریفک حادثات میں ڈرائیور سمیت دو جاں بحق ، آٹھ شدید زخمی ، چار کی حالت نازک

منگل 4 اکتوبر 2016 18:13

ساہیوال اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 اکتوبر- 2016ء) یہاں نواح میں ٹریفک کے مختلف حادثات کے دوران ڈرائیور سمیت دو افراد جاں بحق آٹھ شدید زخمی ہو گئے۔ پہلا حادثہ ساہیوال ملتان روڈ پر چک 9-132ایل کے قریب ہوا یہاں ایک خراب کھڑے ٹرالر میں ایک ٹرک جا ٹکرایا جس کے نتیجہ میں ٹرک ڈرائیور ریاض ہلاک اور کنڈیکٹر شدید زخمی ہوگیا۔جسے بیہوشی کی حالت میں سول ہسپتال ساہیوال داخل کرا دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

دوسرا حادثہ ساہیوال عارف والا روڈ پر چک 9-108ایل کے قریب ہوا یہاں ایک تیز رفتار ٹرالر نے نامعلوم بوڑھے ملنگ کو روند ڈالا جو کہ موقعہ پر ہی جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو پولیس ڈیرہ رحیم نے پوسٹمارٹم کے بعد لاوارث قرار دیکر دفن کرادی ہے ۔نور شاہ کچا روڈ ہڑپہ میوزیم روڈ پر چک 7-104آر کے قریب چار موٹر سائیکلوں کی آپس میں ٹکر کے نتیجہ میں سات افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں چار زخمیوں شوکت، محمد طاہرچھبیس سالہ 4-71آر ، سکینہ پچیس سالہ اٹھارہ ٹکڑا ہڑپہ اور وسیم یوسف 9-135ایل کی حالت تشویش ناک ہے۔تمام زخمیوں کو سول ہسپتال ساہیوال داخل کرا دیا گیا ہے ۔ پولیس ڈیرہ رحیم اور پولیس تھانہ غلہ منڈی نے مقدمات درج کر لیے ہیں۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں