ملک دشمن قوتوں کے انتشار سے نمٹنے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات محرم الحرام کے دوران انتہائی چوکس رہیں ،علماء کرام کا فرض ہے کہ وہ عوام کو محبت اور رواداری کا درس دیں اور معاشرے میں انتشار پیدا کرنے والی قوتوں کے خلاف عوامی حمایت کو فروغ دیں

صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران کاضلع کونسل ہال میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 19:16

ساہیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اکتوبر - 2016ء ) صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران نے کہاہے کہ ملک کو درپیش موجود ہ خارجی و داخلی حالات کے پیش نظر معاشرے کے تمام طبقات پر لازم ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران انتہائی چوکس رہیں تا کہ ملک دشمن قوتیں معاشرے میں انتشاراور بد امنی پیدا کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔علماء کرام کا فرض ہے کہ وہ عوام کو محبت اور رواداری کا درس دیں اور معاشرے میں انتشار پیدا کرنے والی قوتوں کے خلاف عوامی حمایت کو فروغ دیں۔

وہ ہفتہ کو ضلع کونسل ہال میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ جس میں ممبران اسمبلی چوہدری محمد اشرف‘پیر سید عمران احمد شاہ‘محمد ارشد ملک اور خضر حیات شاہ کھگہ‘پی ایچ اے کے چیئر مین پیر احسان الحق ادریس‘ ڈی سی او شوکت علی خان کھچی ‘ڈی پی او ڈاکٹر عاطف اکرام اور ڈی او سی احمد خاور شہزاد کے علاوہ علما ئے کرام‘انجمن تاجران کے نمائندوں ‘صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران ذمہ داری سے رپورٹنگ کریں اور کسی ایسی خبر کو نشر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کر لیں جس سے نقص امن کا خدشہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین کی عظیم قربانی اس امر کا تقاضا کرتی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اسلام دشمن عناصر کے ان مقاصد کو نا کام بنائیں جو چودہ سو سال سے مسلمانوں میں نفاق پیدا کر کے حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اجلا س سے مولانا محمد حسن معصومی‘ قار ی عبدالباسط‘قاری بشیر احمد‘پیر احسان الحق ادریس‘مولانا غلام نبی معصومی‘حاجی احسان الحق فریدی‘عزیز الحق گورائیہ اور سید شفقت حسین گیلانی کے علاوہ ممبران اسمبلی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ساہیوال ڈویڑن میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثالی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا چاہیے اور کوئی ایسی بات نہیں کرنی چاہیے جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔

انہو ں نے کہا کہ تمام مسالک کے علمائے کرام نے دین او رملک کو بچانے اور معاشرے میں امن کے قیام کیلئے مخلصانہ کوششیں کیں ہیں جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔قبل ازیں خطبہ استقبالیہ میں ڈی سی او شوکت علی خان کھچی نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لئے تمام ضروری انتظامی اقدامات کر لئے گئے ہیں اور علمائے کرام کے تعاون سے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ منبر و محراب سے کوئی ایسی بات نہ ہو جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ ذوالجناح کے تمام جلوسوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائیگی اور ہر عزادار کو جسمانی تلاشی کے بعد جلوس میں شامل ہونے دیا جائے گا۔انہو ں نے پریس کے تعاون کو انتہائی ضروری قرار دیتے ہوئے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندو ں سے اپیل کی کہ وہ سنسنی خیزی سے گریز کریں اور ہر خبر کی تصدیق کے بعد اسے نشر کیا جائے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں