لو میرج کرنے والی بیس سالہ لڑکی کی پر اسرار ہلاکت ،لاش برآمد
تازہ ترین : 1

لو میرج کرنے والی بیس سالہ لڑکی کی پر اسرار ہلاکت ،لاش برآمد

ساہیوال(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر - 2016ء)مانگا منڈی کی لو میرج کرنے والی بیس سالہ نازیہ کی پر اسرا ر ہلاکت پولیس نے ایمبولینس سے لاش برآمد کر لی۔تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی کی نازیہ نے ایک نوجوان قاسم سے عرصہ سات ماہ قبل لو میرج کر لی اور دونوں ساہیوال آکر کچی آبادی میں رہائش پذیر ہو گئے۔ نازیہ اپنے خاوند کے گھر اچانک تین روز قبل پر اسرار طور پر بیہوش ہو گئی جسے سول ہسپتال ساہیوال داخل کرا دیا جہاں وہ تین دن تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد چل بسی ۔

جس کی لاش ایمبولینس میں ڈال کر اس کا خاوند لاہور شاہدرہ ٹاؤن جا رہا تھا کہ پولیس مانگا منڈی نے چیکنگ کے لیے ایمبولینس کو روکا تو ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی جس پر مانگا پولیس نے تعاقب کیا تو لاہور بائی پاس پر ایمبولینس سے اتر کر قاسم اور اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے اور ایمبولینس کو چھوڑ کر فرار ہونے والے ڈرائیور کو فرار ہوتے ہوئے قابوکر لیا ۔

پولیس نے ایمبولینس سمیت لاش تحویل میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے تھانہ مانگا منڈی میں عرصہ سات ماہ قبل پولیس نے نازیہ کے اغواء کا مقدمہ درج کیا تھا جو ابھی تک زیر تفتیش تھا اور ملز مان گرفتار نہیں ہوئے تھے لیکن مغویہ نازیہ کی لاش ملنے کے بعد تفتیش نیا رخ اختیار کر گئی ہے۔ اور پولیس کی ایک ٹیم نازیہ کی موت کا معمہ حل کرنے کے لیے ساہیوال پہنچ گئی ہے۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 25/09/2016 - 18:03:25

اس خبر پر آپ کی رائے‎

متعلقہ عنوان :