ساہیوال، ڈاکخانہ میں ڈکیتی کی واردات پر 2ملازمین کی معطلی کے خلاف نوپ یونین کاہڑتال کا اعلان

بدھ 7 ستمبر 2016 20:34

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7 ستمبر ۔2016ء) ڈاکخانہ میں ڈکیتی کی واردات پر 2ملازمین کی معطلی کے خلاف نوپ یونین نے ہڑتال کا اعلان کردیا ‘پنشن کیلئے دو ر دراز سے آنے والے ریٹائرڈ ملازمین بھی پریشان ہوکر احتجاج کرنے لگے ‘یونین کا ملازمین کی بحالی و مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان۔تفصیلات کے مطابق 2رو ز قبل طارق بن زیادکالونی کے ڈاکخانے میں دوران ڈکیتی 3نامعلوم نقاب پوش ڈاکو میز پر فائرنگ کرکے دروازہ کھلوانے کے بعد 21لاکھ 54ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے تھے جس پر ڈپٹی پی ایم جی میاں ناصر محمود نے متعلقہ پوسٹ ماسٹر طارق محمود اور دوسرے ملازم شمس الحسن کو معطل کردیا۔

اس سلسلہ میں نوپ سی بی اے یونین کے عہدیداران نے دونوں ملازمین کی معطلی کے فیصلے کو نہ صرف غلط قراردیا بلکہ اپنے دیگر مطالبات بھی پیش کردیئے اور ملازمین کی بحالی و مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا عزم کیا۔

(جاری ہے)

جی پی او ساہیوال میں ہڑتال کے بعد معاملات خراب ہو گئے اور دور دراز سے آنے والے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن نہ ملنے پر انہوں نے نعرہ بازی کی اور شدید احتجاج کیا۔

ہڑتالی نوپ کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ دونوں ملازمین کو معطل کرنا ناانصافی ہے اگر وہ دروازہ نہ کھولتے تو نامعلوم ڈاکو انہیں گولی ماردیتے تو کون ذمہ دار تھا ڈپٹی پی ایم جی نے دوران انکوائری نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔انہوں نے معطل ملازمین کی فوری بحالی ‘محکمانہ تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دینے اورتمام پوسٹ آفسز جن پر لاکھوں روپے ریونیو جمع ہوتاہے سکیورٹی گارڈز تعینات کرنے کامطالبہ کیا۔جب ڈپٹی پی ایم جی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو وہ بند کمرے میں اجلاس میں مصروف تھے۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں