حکومت کسانوں کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائے گی، کمشنر ساہیوال

بدھ 7 ستمبر 2016 14:29

چیچہ وطنی۔7 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 ستمبر۔2016ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے مفادات کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنائے گی تا کہ انہیں مالی نقصان سے بچایا جا سکے ۔کسانوں کو منڈیوں میں اپنی اجناس کی فروخت میں حائل دشواریوں کو دور کرنے اور ناجائز کٹوتیوں کو روکنے کیلئے فی الفور ضروری انتظامی اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ کسانوں کو استحصال سے بچایا جا سکے ۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کسان اتحاد کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس کی سربراہی مرکزی صدر خالد محمو دکھوکھر کر رہے تھے ۔اجلاس میں ڈی سی او شوکت علی خان کھچی اور ایڈیشنل کمشنر میاں جمیل احمد بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ منڈیوں میں کسانوں کو درپیش مسائل خصوصاً سرکاری کمیشن کی وصولی ،الیکٹرانک کنڈوں کی تنصیب اور بولی کے اوپن ہونے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ساہیوال ڈویژن میں موجود تمام مارکیٹ کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ کمیشن کے سرکاری ریٹس کو نمایاں جگہوں پر لگوایا جائے تا کہ عام کسان ان ریٹس سے آگاہ رہے ۔کمشنر نے پاکپتن میں نئی منڈی کی تقسیم پر پیش رفت کی بھی یقین دہانی کرائی تا کہ وہاں اجناس کی فروخت میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے ۔اس سے پہلے کسان اتحاد کے رہنماؤں نے کسانوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں