ڈی سی او گیٹ پر ایل پی جی گیس کی ریفلنگ پر پابندی کے خلاف رکشہ ڈرائیوروں اور دکانداروں کا روڈ بلاک کرکے احتجاج اور دھرنا

بدھ 7 ستمبر 2016 13:30

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 ستمبر۔2016ء) ایل پی جی گیس کی ری فلنگ پر پابندی کے بعد رکشہ ڈرائیوروں اور دکانداروں نے آج ساہیوال فرید ٹاؤن روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے روڈ بلاک کر دی اور ڈی سی او آفس کے گیٹ پر دھرنا دیکر احتجاج کیا ۔ مظاہرین نے بڑے بڑے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سینکڑوں خاندانوں کو بیروز گار ہونے سے بچایا جائے کے نعرے درج تھے ۔

مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ اس مظاہرے کی قیادت رکشہ یونین کے صدر اویس ستار نے کی مظاہرہ دو گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد انتظامیہ نے ایک کمیٹی بنا دی ۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق چند روز قبل ساہیوال عارف والا روڈ پر ایل پی جی گیس کے سلنڈروں کے گودام میں ری فلنگ کے دوران دھماکوں سے آگ بھڑک اٹھنے کے سبب دو دکاندار اور سات ریسکیو 1122کے اہلکار بری طرح جھلس گئے تھے ریلوے روڈ پر ایل پی جی گیس کی دکان میں ریفلنگ کے دوران دھماکہ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے تھے اور دنوں مقامات پر کئی گھنٹوں تک آگ لگی رہی تھی ۔

ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ایل پی جی گیس کے کارو بار کے لیے لائسنس کو لازمی قرار دیکر ریفلنگ پر پابندی لگا دی ہے اور 55دکانوں کو غیر قانونی کارو بار کرنے پر سیل کر دیا گیا تھا ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں