حکمرانوں کی ہٹ دھر می کے سبب اے آر ڈی طرز کا بڑا اتحاد بن سکتا ہے، قمرزمان قائرہ

پاناما لیکس ٹی ا و آرز کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے فیل ہونے سے حکمرانوں ،اپوزیشن کے درمیان راستے الگ ہوگئے ہیں ،کارکنوں کے اجتماع سے خطاب

منگل 6 ستمبر 2016 20:02

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 ستمبر ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر قمر الزمان قائرہ نے انکشاف کیا ہے کہ پاناما لیکس ٹی ا و آرز کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے فیل ہونے کی وجہ سے ملک میں حکمرانوں اور اپوزیشن کے درمیان راستے الگ ہوگئے ہیں اور حکمرانو ں کی ہٹ دھرمی جمہوریت کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔

انہوں نے آج لاہور سے چیچہ وطنی جاتے ہوئے شرقی بائی پاس ہڑپہ پر پیپلز پارٹی کے استقبال کرنے والے کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میثاق جمہوریت کے سبب پیپلز پارٹی نے حکمرانوں سے جمہوری رویہ اپنایا لیکن آمریت کی گود میں پلنے والے ٹولہ نے اس سے منفی پروپیگینڈہ کیا اور پنجاب سے پیپلز پارٹی کے صفایا کے نعرے لگا دیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جمہوری طرز عمل کی وجہ سے ملک میں اپوزیشن کی تمام جماعتیں اکھٹی ہو چکی ہیں اور کسی وقت اے آر ڈی طرز کا بڑا اتحاد وجود میں آسکتا ہے اس وقت پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف ، جماعت اسلامی ، مسلم لیگ(ق)اور عوامی مسلم لیگ نے عندیہ دے دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سی پیک منصوبہ کے خلاف نہ ہے بلکہ پاک چین دوستی کی بنیاد سابق وزیر اعظم پیپلز پارٹی کے بانی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی اور ہم اس دوستی کو اور مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ حکمرانوں کو خدشہ ہے کہ اگر احتساب شروع ہو گیا تو حکمرانوں کے اربوں روپے کی کرپشن منظر عام پر آجائیگی ۔ہڑپہ بائی پاس پر پہنچنے پر پیپلز پارٹی کے این اے 162کے امیدوار شہزاد سعید چیمہ اور سینکڑوں کارکنوں نے استقبال کیا اور انجمن تاجران ہڑپہ کے صدر میاں طارق جاوید اور شاہد اقبال نے اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں