ساہیوال،ایل پی جی گیس ریفلنگ کے دوران آگ بھڑک اٹھی ‘ آگ بجھانے کے دوران 6ریسکیو اہلکار جھلس گئے

منگل 30 اگست 2016 19:44

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اگست ۔2016ء) ایل پی جی گیس ریفلنگ کے دوران آگ بھڑک اٹھی ‘ آگ بجھانے کے دوران گیس سلنڈر دھماکے سے 6ریسکیو اہلکار جھلس گئے‘ ساہیوال اور گردونواح میں متعد دحادثات کے دوران کئی افراد جاں بحق و زخمی ہونے کے باوجودگیس ریفلنگ کا سلسلہ جاری ہے ‘ دکان مالک کے خلاف مقدمہ درج ۔ شہریوں کا وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کامطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال عارفوالہ روڈ پر بائی پاس چوک کے قریب کمرشل گیس سلنڈر کی دکان میں ویگنوں اور کوچز میں گیس ریفلنگ کے دوران گیس لیکج سے اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ آگ کی لپٹیں آسمان کی طرف اٹھ رہی تھیں اورقریبی دکانیں جلنے کا خدشہ تھا۔ریسکیو1122 کے عملہ نے فوری پہنچ کر آگ پر قابو پایا جب ریسکیواہلکاروں نے گیس سلنڈروں کے گودام کا شٹر اٹھایا تو وہاں گیس لیکج سے زور دار سلنڈر کے دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں ریسکیو1122 کے 6اہلکار منظور ‘عابد شکیل‘ آصف مقصود ‘ارشد حیات ‘قیصر شہباز اور وقار حسین جھلس گئے جنہیں ریسکیو عملہ نے فوری طبی امداد دیکر ڈی ایچ کیو ہسپتال میں منتقل کیا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے دکان مالک شہباز کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گیس ری فلنگ کے دوران کوٹ خادم علی شاہ ‘ اڈہ بوٹی پال‘ ریلوے روڈ اور دیگر مقامات پر حادثات میں متعدد افراد جاں بحق و زخمی ہو چکے ہیں لیکن اسکے باوجود سول ڈیفنس عملہ کی ملی بھگت سے یہ دھندہ عروج پر ہے اور انتظامی افسران سیاسی دباؤ کے باعث خاموش تماشائی بنے ہو ئے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں