عمران خان کی بیماری کا اندرون و بیرون ملک کوئی علاج نہیں ، الطاف اور عمران کا ایجنڈا ملک دشمنی ہے، موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ،ملک سے جلد اندھیرے ختم ہوجائیں گے

وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابدشیر علی کی صحافیوں سے گفتگو

پیر 29 اگست 2016 21:08

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چوہدری عابدشیر علی نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے قائد عمران خان کو ایسی بیماری ہے جس کا علاج نہ تو اندرون ملک ہے اور نہ ہی بیرون ملک ہے الطاف حسین اور عمران خان دونوں میں کوئی فر ق نہیں ان کا ایجنڈا پاکستان دشمن ایجنڈا ہے ،مسلم لیگ ن حکومت 2018تک رہے گی، آنیوالے انتخابات میں پی ٹی آئی کو ان کے گھر والے بھی ووٹ نہیں دینگے۔

وہ یہاں واپڈا سرکل ساہیوال کے سرپرائز وزٹ کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جمہوریت کو ختم کرنے کے لئے عمران خان نے پہلے بھی سازش رچائی تھی جو ناکام ہوگئی انہیں ایسی بیماری ہے جس کا علاج نا پاکستان میں ہے اورنہ ہی کسی دوسرے ملک میں جہاں سے ان کا علاج کرایاجائے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی میں سیاسی بھگوڑے اکٹھے ہو ئے ہیں اور یہ سیاسی ٹھگ پاکستان میں لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں جنہیں ہم ناکام بنادیں گے۔

خیبر پختو نخواہ کے عوام انہیں مسترد کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور عمران خان دونوں کے درمیان کوئی فرق نہیں ۔ دونوں کا ایجنڈا پاکستان دشمن ایجنڈا ہے ۔ عمران خان ملک میں انتشار کی سیاست کررہے ہیں اور وہ ملک میں انتشار پھیلا کر اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انتشار پھیلانے کے لئے انہیں فنڈنگ کہاں سے ہوئی ہے اس بارے کوئی نہیں جانتا۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت ختم ہونے کا کوئی امکان نہیں ۔ انشاء اﷲ 2018تک ن لیگ کی حکومت رہے گی۔ آنیوالے انتخابات میں پی ٹی آئی کو ان کے گھروالے بھی ووٹ نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہاکہ بجلی بحران کے خاتمے کے لئے بجلی پیدا کرنے کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جلد اندھیرے ختم ہوجائیں گے۔انہوں نے عوام کی طرف سے شکایات پر ایس ڈی اوخالد کمبوہ‘ میٹرانسپکٹر آصف‘ لائن سپرنٹنڈنٹ عمران اشرف اور لائن مین جاوید کو معطل کرکے ایس ای واپڈا کوانکوائری کرنے کاحکم دیا۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں