پنجاب بھر میں متوقع سیلاب اور شدید بارشوں سے عوام کو جانی و مالی نقصان سے بچانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے، ہر ضلع نے ایمر جنسی پلان تیار کر کے تمام محکموں کی ذمہ داریوں کا تعین کر دیا ہے، عوام کو دریاؤں میں سیلاب کی صورتحال اور متوقع بارشوں سے مسلسل آگاہ رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی انہیں بر وقت اطلاع دینے کا نظام بھی وضع کیا جائے

صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران کا کمشنر آفس ساہیوال میں سیلاب سے نمٹنے کیلئے جائرہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 5 اگست 2016 20:08

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں متوقع سیلاب اور شدید بارشوں سے عوام کو جانی و مالی نقصان سے بچانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور ہر ضلع نے ایمر جنسی پلان تیار کر کے تمام محکموں کی ذمہ داریوں کا تعین کر دیا ہے ۔ عوام کو دریاؤں میں سیلاب کی صورتحال اور متوقع بارشوں سے مسلسل آگاہ رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی انہیں بر وقت اطلاع دینے کا نظام بھی وضع کیا جائے ۔

وہ جمعہ کو کمشنر آفس ساہیوال میں متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائرہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر کمشنر بابر حیات تارڑ اور آر پی او طارق رستم چوہان کے علاوہ تینوں اضلاع کے ڈی سی اوز اور محکمہ ریونیو ‘اریگیشن‘سول ڈیفنس ‘زراعت اور لائیو سٹاک کے محکموں کے ضلعی افسران نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہر ضلع اور تحصیل میں کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کی تا کہ فوری طور پر باہمی رابطہ کیا جا سکے اورعوام کو بر وقت مدد فراہم کی جا سکے ۔

انہوں نے تینوں اضلاع کی ایڈ منسٹریشن کو ہدایت کی کہ شدید بارشوں کی صورت میں شہری علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی کیلئے ڈی واٹرنگ سیٹ تیار رکھیں اور ان پر تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے ۔انہوں نے متوقع سیلابی علاقوں میں جانوروں کی ویکسی نیشن کو فوری مکمل کرنے اور ان کیلئے چارے کے انتظامات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی تا کہ انسانی جان و مال کے ساتھ ساتھ لائیو سٹاک کا بھی تحفظ کیا جا سکے ۔اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈی سی او ز نے یقین دلایا کہ متوقع سیلاب سے نمٹنے کے تمام انتظامات مکمل ہیں اور متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر باہمی رابطے میں ہیں ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں