تمام مسیحی آبادیوں میں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے،کمشنر ساہیوال

جمعرات 21 جولائی 2016 21:33

ساہیوال۔21 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جولائی ۔2016ء ) کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑنے کہا ہے کہ اقلیتوں کو مساوی حقوق دئیے بغیر ملک میں عادلانہ معاشرہ قائم نہیں کیا جا سکتا جس میں ہر شہری کو ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں ۔انتظامیہ اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں جار ی رکھے گی تا کہ انہیں بہترین شہری سہولتیں دستیاب ہوں اور وہ ملک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں ۔

انہوں نے یہ بات بشپ ہاؤس میں ضلع ساہیوال سے تعلق رکھنے والے چرچز کے پادریوں کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بشپ ابراہام عظیم ڈینیل کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور قانون میں کسی شہری کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں اور انہیں ملازمتوں اور ترقیاتی منصوبوں میں مناسب نمائندگی دی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام میں تعلیم کے فقدان کی وجہ سے شعور اور سمجھ کی کمی ہے جس سے بعض اوقات مذہبی ہم آہنگی میں مشکلات پیش آتی ہیں ۔اجلاس میں ابراہام عظیم ڈینیل نے مسیحی برادری کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جن میں ملازمتوں کیلئے مختص 5 فیصد کوٹے پر عملدرآمد‘مسیحی آبادیوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عبادت کے دوران چرچز کی سیکورٹی شامل ہیں ۔

کمشنر بابر حیات تارڑ نے یقین دلایا کہ وسائل کے اندر رہتے ہوئے تمام مسیحی آبادیوں میں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے اور ملازمتوں کے کوٹے پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مذہبی رواداری اور اقلیتوں سے حسن سلوک اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے جن سے کوئی مسلمان روگردانی نہیں کر سکتا ۔انہوں نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم حاصل کریں تا کہ انہیں اعلیٰ ملازمتیں بھی مل سکیں ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں