بلاول بھٹو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہو کر وفاقی وزراء الزام تراشیوں اور گھٹیا سیاست پر اتر آئے ہیں، لطیف کھوسہ

ہفتہ 9 جولائی 2016 18:43

ساہیوال(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9 جولائی- 2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکر ٹری جنرل سردار محمد لطیف کھوسہ سابق گورنر پنجاب نے انکشاف کیا ہے کہ موجودہ بجٹ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنایا گیا ہے اور قرضوں کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے اور بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کا سامنا کرنے کی بجائے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ بجٹ اجلاس کا کورم پورا نہ کر کے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں انہوں نے لاہور روانگی سے قبل آن لائن سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ اب پیپلز پارٹی اکیلے نہیں بلکہ پارلیمنٹ کے اندر تمام اپوزیشن جماعتوں کے الائنس سے مل کر21جولائی کے بعد سڑکوں پر ہونگے انہوں نے کہا عوام پر سے ٹیکسوں کا بوجھ کم نہ کیا گیا تو نہ صرف پاناما لیکس بلکہ بلا جواز ٹیکسوں کے خاتمہ تک تحریک جاری رہے گی اور وزیر اعظم نواز شریف کو بوئنگ 777کو طلب کر کے خاندان کے افراد کے ہمراہ لندن لاہور سفر کا بھی حساب دینا پڑیگا اس سلسلہ میں حکمت عملی طے کر لی ہے انہوں نے کہا کہ ڈویژنل اور ضلعی سطح پر پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی کا کام 15اگست تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد تنظیم سازی کا اگلا مرحلہ شروع ہوگا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پرانے کارکنوں اور بلاول بھٹو سے نوجوان قیادت کی محبت کے سبب تنظیم سازی میں انکو نمایاں مقام دیا جائے گا اور بلاول بھٹو 25جولائی سے عوامی رابطہ مہم اور عوامی جلسوں سے خطاب کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہو کر موجودہ حکومت کے وفاقی وزراء الزام تراشیوں اور گھٹیا سیاست پر اتر آئے ہیں اور ایک بچے کو نچا دکھانے کے لیے کھاڑے میں آگئے ہیں لیکن ان سب پہلوانوں کو منہ کی کھانا پڑیگی ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں