کنعان پارک ساہیوال میں جھولا ٹوٹنے کے نتیجہ میں 70افراد شدید زخمی ، 18زخمیوں کی حالت نازک ، وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا

جمعہ 8 جولائی 2016 14:29

ئساہیوال(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) ٹرو کے روز کنعان پارک ساہیوال میں جھولا کشتی ٹوٹ جانے کے سبب 70افراد بچے بچیوں سمیت زخمی ہو گئے جن میں سے 18زخمیوں کی حالت نازک ہے پولیس نے جھولے کی انتظامیہ کے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اس حادثہ کا نوٹس لیکر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ جبکہ دو زخمیوں سمیع اللہ اور عدنان بچوں کو سا ہیوال میں نیورو سرجن نہ ہونے کے سبب تشویش ناک حالت کے پیش نظر جناح ہسپتال لاہور ریفر کر دیا ہے کیونکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک سیاسی شخصیت کی شکایت پر نیورو سرجن کو معطل کر دیا تھا اور یہ سیٹ عرصہ ایک سال سے خالی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کنعان پارک ساہیوال میں کشتی جھولے جن میں مقررہ تعداد سے زیاد ہ بچے ، بچیوں ،عورتوں کو سوار کر کے جب جھولے کے مالک طارق کے بیٹے عارف نے جھولوں کی موٹر سٹارٹ کی تو جھولے جھٹکے کے ساتھ چلے اور دو جھولے ٹوٹ کر ایک دوسرے پر گر گئے جس کے نتیجہ میں بھگدڑ مچ گئی اور شور برپا ہو گیا اور ایمر جنسی کال دے دی گئی اور ریسکیو 1122اور پرائیویٹ لوگوں نے فوری طور پر 70افراد کو زخمی حالت میں سول ہسپتال ساہیوال پہنچایا اس حادثہ کے بعد ہسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی اور ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف نے 70زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سرجیکل وارڈ میں داخل کرا دیا گیا جن میں سے 52افراد کو ہسپتال سے آج فارغ کر دیا گیا جبکہ 18شدید زخمیوں میں ثانیہ، اقراء ، عظمیٰ، صباء، آسیہ، حسنین ، ثقلین ،بشیر ، کاشف ، اشعر ، اشرف، عبدالرحمن ، علی رضا، آطف، محمد زبیر ، شبیر حسین، سمیع اللہ اور عدنان شامل ہیں جبکہ سمیع اللہ اور عدنان کو تشویش ناک حالت کے پیش نظر جناح ہسپتال لاہور ریفر کر دیا گیا ہے کیونکہ سول ہسپتال ساہیوال میں عرصہ ایک سال سے نیورو سرجن کی سیٹ خالی ہے اور نیورو سرجری کے مریضوں کو لاہور ریفر کر دیا جا تا ہے جس کی وجہ سے اب تک درجنوں افراد موت کی گود میں جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کنعان پارک میں پولیس نے جھولے لگانے کا عید الفطر پر این او سی دینے سے انکار کر دیا تھا لیکن ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفسر ساہیوال نے شہریوں کو تفریح کے نام پر جھولے لگانے کی اجازت دے دی تھی وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اس واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے اور کمشنر ساہیوال سے اس واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔پولیس تھانہ سٹی نے جھولے کے مالک محمد طارق اس کے بیٹے محمد عارف اور دیگر تین حصہ داروں انصاف حسین ، الطاف اور احمد علی سمیت جھولے کی انتظامیہ کے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف 324اقدام قتل ،337ایچ 1اور 34ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں