جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم کرنے کی حکمرانوں کو اجازت نہیں دینگے، مہر غلام فرید کاٹھیا

اتوار 3 جولائی 2016 17:17

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جولائی ۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سابق وفاقی وزیر مہر غلام فرید کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کا طرز بادشاہت ختم ہونے والا ہے اور ملک میں جمہوریت کے نام پر آمریت قائم کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے ۔ انہوں نے آج ہٹرپہ میں کسانوں، یوتھ ونگ اور بانی کارکنوں کے وفود سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ پانا ما لیکس کے مسئلہ پر اپوزیشن جماعتوں کے متحدہ اپوزیشن اتحاد نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے فروغ کے لیے تاریخی کردار ادا کر رہے ہیں اور حکمرانوں کے جھوٹے دعوے بے نقاب کرنے میں اپوزیشن نے اہم رول ادا کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولہ اب مخالف اپوزیشن جماعتوں کو بلیک میل کرنے کے لیے دھمکیوں اور جھوٹے پروپگینڈہ کا سہارا لے رہا ہے اور عوام نے حکمرانوں کی جھوٹی تسلیوں کو مسترد کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے تحریک چلانے کی کال دی تو پیپلز پارٹی کے کارکن کسی قربانی سے دریگ نہیں کرینگے بلکہ ایک کال پر اسلام آباد اور لاہور کو لانگ مارچ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے آخر میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی کا کام بہت جلد مکمل ہوجائیگا۔اس موقعہ پر ذاکر حسین برال ، مظہر ریاست ، امین رضاء اور طاہر عباس سندھونے پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو چیئر مین پیپلز پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں