ساہیوال کے قریب تیزرفتار ٹرالر کار پر چڑھ گیا ، سات افراد جاں بحق ، ایک کی حالت نازک

مرنے والوں میں کار ڈرائیور ،ایک ہی خاندان کے 6افراد شامل ،ٹرالر ڈرائیور حادثہ کے بعد فرار

جمعہ 1 جولائی 2016 17:31

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جولائی ۔2016ء ) آج صبح ملتان ساہیوال روڈپر فتو والا موڑ کے قریب کار اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد اور ڈرائیور جاوید سمیت سات افراد جاں بحق جبکہ ایک بچی حناء شدید زخمی حادثہ اس قدر ہولناک تھا کہ ٹرالر کار کے اوپر چڑھ گیا اور کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی، ہلاک شدگان اور زخمیوں کو کار کے حصے کاٹ کر نکالا گیاٹرالر کا ڈرائیو ر حادثہ کے بعد فرار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل پارک لاہور کا تاج دین اپنی بیوی اور بچوں سمیت ایک کار نمبر 9229ایل ای سی جی ایل آئی پر خانیوال سے منگنی کی تقریب کے بعد لاہور واپس جا رہے تھے کہ فتو والا موڑ کے قریب سڑک کی تعمیر نو کا کام جاری تھا اور دو طرفہ ٹریفک کی بجائے ٹریفک ایک ہی روڈ پر چل رہی تھی کہ کار مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار ٹرالر نمبر 7529جی یو سندھ کار پر چڑھ گیا جس کے نتیجہ میں کاربری طرح تباہ ہو گئی اور کار کے حصوں کو کاٹ کر تاج محمد اسکی بیوی حسینہ ،دو بچیوں حفظہ ،طیبہ اور ڈرائیور جاوید سمیت پانچ افراد کی لاشوں کو نکالا گیا جبکہ روبینہ ، اعجازاور حناء تین زخمی بچوں کو گاڑی کے حصے کاٹ کر بیہوشی کی حالت میں سول ہسپتال ساہیوال داخل کرا دیا گیا بعد میں تینوں زخمیوں کو لاہور ریفر کر دیاگیا جن میں روبینہء اور لڑکا اعجاز راستہ میں اوکاڑہ کے مقام پر دم توڑ گئے ۔

(جاری ہے)

پولیس غلہ منڈی نے موقعہ پر پہنچ کر ہلاک شدگان اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا اور پولیس نے ٹرالر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے ٹرالر کو تحویل میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں