ساہیوال اور پھالیہ میں ٹریفک حادثہ ،2بچیوں اور خاتون سمیت7 افراد جاں بحق،تین زخمی

جمعہ 1 جولائی 2016 11:38

ساہیوال /پھالیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء ) ساہیوال اور پھالیہ میں ٹریفک کے المناک حادثے میں دوبچیوں اور خاتون سمیت سات افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے ،وزیر اعلی پنجاب شہبازشریف سمیت سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے ٹریفک حادثہ میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ۔

جمعہ کو پولیس کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان خانیوال میں منگنی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہا تھا کہ ساہیوال میں جی ٹی روڈ پھتو موڑ کے قریب ان کی کار اور ٹرالر میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 بچیوں اورخاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 کی ٹیم نے زخمیوں کو ڈی ایچ کیوہسپتال ساہیوال منتقل کیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ ذرائع کے مطابق حادثہ کار ڈرائیور کے سونے کے باعث پیش آیا۔

دوسری جانب منڈی بہاوٴ الدین کی تحصیل پھالیہ میں تیز رفتار ڈمپر بے قابو ہوکر ہوٹل سے ٹکراگیا، حادثے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق، جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت محمد بشیر اور ظفر اقبال کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونیوالے نجیب حسین کوہسپتال میں داخل کرادیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ڈمپر کی ٹکر سے بجلی کا کھمبا بھی ٹوٹ گیا ہے جس سے علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ ڈمپر ٹکرانے سے دودھ دہی خریدنے کیلئے آئے ہوئے خریداروں کی چار موٹر سائیکلیں اور ایک رکشہ بھی تباہ ہوگیا ۔حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں