پنجاب حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے یونیورسٹیاں قائم کر رہی ہے،کمشنر ساہیوال

بدھ 11 مئی 2016 20:29

ساہیوال۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مئی۔2016ء ) کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے تمام بڑے شہروں میں یونیورسٹیاں قائم کر رہی ہے تا کہ دور دراز علاقوں کے ذہین طلباء و طالبات کو بھی معیاری تعلیم دستیاب ہو سکے۔ یونیورسٹی آف ساہیوال کا قیام اس سلسلے کی اہم کڑی ہے جسے جلد آپریشنل کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے یہ بات بی زیڈ یو ساہیوال کیمپس کے دورے کے دوران کہی جسے یونیورسٹی آف ساہیوال کے طور پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس‘کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر معید احمد اوراسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات سید غلام اصغر شاہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں مزید شعبہ جات کے قیام اور ضروری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ایک ارب38 کروڑ 76 لاکھ روپے کا نیا منصوبہ منظورکیا جا رہا ہے جس سے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نئے شعبہ جات بھی قائم کیے جائیں گے تا کہ فارغ التحصیل ہونیوالے طلباء و طالبات کو فوری جاب بھی دستیاب ہو سکیں ۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 57 ایکڑ پر مشتمل بی زیڈ یو کیمپس میں 8 شعبہ جات کام کر رہے ہیں جہاں 2039 طلباء و طالبات بی ایس ،ایم ایس سی اور ایم اے کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔کیمپس میں فکیلٹی کی شدید قلت ہے جسے وزٹنگ فکیلٹی سے پورا کیا جا رہا ہے جس پر کمشنر بابر حیات تارڑ نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی کے قیام کے بعد فکیلٹی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں