حکمرانوں کو میٹرو بس اور اورنج ٹرین کے ڈراموں سے فرصت نہیں اور صحت کی سہولتیں عوام کیلئے خواب بن کے رہ گئی ہیں

تحریک انصاف ساہیوال کے رہنما شیخ شاہد حمید کی صحافیوں سے بات چیت

منگل 16 فروری 2016 19:29

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 فروری۔2016ء) تحریک انصاف ساہیوال کے رہنما شیخ شاہد حمید نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو میٹرو بس اور اورنج ٹرین کے ڈراموں سے فرصت نہیں اور صحت کی سہولتیں عوام کیلئے خواب بن کے رہ گئی ہیں ۔ اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے سارا بجٹ اپنی جھوٹی انا کی تکمیل اور تشہیر میں جھونک دیا ہے جبکہ ہسپتالوں کی انتہائی ناگفتہ بہہ صورتحال جسے ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے تھا کی طرف ان کی سرے سے توجہ ہی نہیں ۔

شیخ شاہد حمید نے کہا کہ حکمران ذرا سی تکلیف کی صورت میں بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں جبکہ غریب عوام سرکاری ہسپتالوں میں رُلنے پر مجبور ہیں ۔عوام کی بنیادی ضروریات میٹروبس اور اورنج ٹرین منصوبے نہیں بلکہ صحت‘تعلیم اور دیگر ضروریات ہیں جبکہ حکمرانوں کی توجہ صرف غیر ضروری منصوبوں کی طرف ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ظالم حکمرانوں کا یہ دور بہت جلد ختم ہونے والا ہے کیونکہ تین سال سے زائد حکمرانی کا مزہ لوٹنے والوں نے ملک کا کوئی ایک شعبہ بھی سدھارنے میں کامیابی حاصل نہیں کی ۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد عوامی حکومت آئیگی اور ملکی وسائل لوٹنے والوں کو کڑے احتساب سے کوئی بھی نہیں روک سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں مسلم لیگی رہنما پی آئی اے یونین کے ساتھ ملکر پرائیویٹائزیشن کیخلاف احتجاج کرتے تھے جبکہ اب پی آئی اے کے وہی کارکن بُرے ہو گئے اور حکومت ان کے خلاف غیر انسانی سلوک کر رہی ہے ۔ا نہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے اور اسٹیل مل سمیت تمام ملکی اداروں میں خرابی کی بنیادی وجہ حکومتی غلط پالیسیاں ہیں جبکہ سزا عوام اور غریب ملازمین کو دی جا رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں