حکمرانوں کو بے گناہ ملازمین کے خون کا حساب دینا ہوگا ‘حکومت پی آئی اے کی نجکاری کے ذریعے آئی ایم ایف کے ایجنڈے کی تکمیل کررہی ہے ‘اپوزیشن کی تمام جماعتیں حکومت کے اس اقدام کیخلاف ہیں

جماعت اسلامی ساہیوال کے رہنما ؤں اے ڈی چوہدری ‘ڈاکٹر طاہر سراج اور محمد اویس تارڑ کا مشترکہ بیان

ہفتہ 6 فروری 2016 19:12

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء) حکمرانوں کو بے گناہ ملازمین کے خون کا حساب دینا ہوگا ‘حکومت پی آئی اے کی نجکاری کے ذریعے آئی ایم ایف کے ایجنڈے کی تکمیل کررہی ہے جبکہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں حکومت کے اس اقدام کے خلاف ہیں۔ان خیالات کا اظہارجماعت اسلامی ساہیوال کے راہنما ؤں اے ڈی چوہدری ‘ڈاکٹر طاہر سراج اور محمد اویس تارڑ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان ‘عزت اور وقار کا نشان ہے اس وقت پاکستان میں عدم برداشت کا رویہ پروان چڑھ رہاہے جس کی بنیادی وجہ حکومتی بے حسی اور مسائل سے کنارہ کشی ہے ۔ پی آئی اے کے نہتے ملازمین پر تشدد اور گولی چلانا افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔

(جاری ہے)

احتجاج اور مذاکرات جمہوریت کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے بحران کا نعرہ لگانے والے کیو ں بھول جاتے ہیں کہ پچھلے تین مہینوں میں پی آئی اے نے ساڑھے3ارب روپے منافع کمایاہے ۔

حکمران منافع بخش ادارے کو آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر فروخت کرکے ٹھیکیداروں اور سرمایہ داروں کو نوازنا چاہتی ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ قومی اداروں کو فروخت کرنے کی بجائے کرپشن اورمینجمنٹ کو ٹھیک کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے بے گناہوں کو قتل کرکے خود اپنے اقتدار کے خلاف فیصلہ دے دیاہے۔ حکومت فوری طورپر پی آئی اے کی نجکاری کافیصلہ واپس لے اوراس ادارے کی بحالی اور کرپشن کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں