مسلم لیگ نواز نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی سیاست کی ہے اور ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل کو حل کیا ہے،صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران

ہفتہ 16 جنوری 2016 21:03

ساہیوال( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نواز نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی سیاست کی ہے اور ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل کو حل کیا ہے ۔بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی عوام کے بھر پور اعتماد کا مظہر ہے اور اب تمام تر توجہ بنیادی شہری سہولتوں خصوصاً سیوریج ،سٹریٹ لائٹس ‘سولنگ اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر دی جائے گی ۔

وہ شہر کے مختلف علاقوں غلہ منڈی ،سول ہسپتال ، فرید تاؤن اور جہاز گراؤنڈ میں فلٹریشن پلانٹس اور نئے ٹیوب ویلیز کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کر رہے تھے جن کی تکمیل سے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی بہتر ہو گی۔میونسپل کارپوریشن کے نومنتخب اراکین اسد خان بلوچ ،ساجد نعیم ہیپی اور ملک فاروق اور کونسلرز بھی ان تقریبات میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے وسائل کا رخ عوام کی فلاح و بہبود کی طرف موڑ دیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب ساہیوال شہر کے باسیوں کے دیرینہ مسائل بھی حل ہو چکے ہوں گے ۔انہوں نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ کے امیدواروں کی بھر پور کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس اعتماد پر پورا اترنے کیلئے تمام وسائل خرچ کیے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے زیر اہتمام کم ترقی یافتہ علاقوں خصوصاً بھٹو نگر اور جہاز گراؤنڈ میں بھی پارکس تعمیر کیے جائیں گے تا کہ عوام کو تفریحی سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ساہیوال شہر میں ایک سفاری پارک کے قیام پر بھی غور کر رہی ہے جس پر کام جلد شروع کر دیا جائیگا ۔انہوں نے امامیہ کالج سے جہاز گراؤنڈ تک سڑک کی تعمیر نو کا بھی اعلان کیا جسے جون تک مکمل کر لیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں