ساہیوال،تاوان کیلئے اغواء ہونیوالے جیل ٹھیکیدار کا ڈراپ سین ‘اغواء کے چند گھنٹے بعد قتل کرنے والاملزم مقتول کا دوست نکلا

ہفتہ 16 جنوری 2016 21:03

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جنوری۔2016ء) تاوان کیلئے اغواء ہونیوالے جیل ٹھیکیدار کا ڈراپ سین ‘اغواء کے چند گھنٹے بعد قتل کرنے والاملزم مقتول کا دوست نکلا ‘ملزم نے مقتول کے ورثاء سے 8لاکھ روپے تاوان بھی وصول کیا ‘ 37روز بعد نعش برآمد کرادی‘ پولیس دیگر ملزمان کی گرفتار ی کیلئے چھاپے ماررہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 8دسمبر 2015 صبح 9بجے کے قریب سنٹرل جیل ساہیوال کے ٹھیکیدار عمران حمید کو اسکے دوست اعجاز وٹو نے دھوکہ سے اغواء کیا اور مغوی کی بیوی سلمیٰ بی بی کو فون کرکے 90لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا جس پر مغوی کے لواحقین نے ڈیل کرکے 8لاکھ25ہزار روپے پاکپتن چوک کے قریب ملزمان کو ادا کردیئے لیکن عمران حمید بازیاب نہ ہو سکا ۔

پولیس نے لواحقین کی رپورٹ پر تھانہ سول لائن میں 365/Aکا مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر سیل کردی ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد باقر رضا نے انچارج سی آئی اے ظفر اقبال ڈوگر ‘ایس ایچ او تھانہ یوسف والا انسپکٹر محمود الحسن و دیگر پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جس نے جدید سائنسی طریقہ تفتیش کے ذریعے ملزم کو ٹریس کر گرفتارکیا جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ مغوی عمران حمید کو اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ اغواء کے روز ہی نشہ آور گولیاں کھلا کر گلا دبا کر قتل کردیاتھا اور بعدازاں ورثاء سے تاوان کی رقم وصول کی۔

ملزم کی نشاندہی پر مغوی کی نعش شریف کالونی سے گزشتہ رات برآمدکرکے پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کی ۔ ذرائع نے بتایاہے کہ نشہ کا عادی ملزم مقتول کا پرا نا دوست ہے اورملزم سنٹرل جیل میں خفیہ طورپر نشہ سپلائی کرتاتھا ملزم نے اغواء کے بعد مغوی کا موبائل استعمال کیا اور موبائل کی لوکیشن جہاں بھی آتی ملزم انہی علاقوں میں موجودہوتاتھا ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے سلسلہ میں ایک سیاسی شخصیت نے اپنا کردار اداکیا ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں